WhatsApp Image 2026 04 01 at 08.29.08

بینک ایس ایم ایس کی مد میں صارفین سے18 ارب سالانہ وصولی کا انکشاف، ڈیٹا طلب

اسلام آباد:سینیٹ کمیٹی خزانہ میں بینک ایس ایم ایس کی مد میں صارفین سے 3.40 روپے فی میسیج وصول کر نے کی مد میں‌اربوں روپے کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے.
WhatsApp Image 2026 04 01 at 08.31.17
سینٹ کمیٹی اجلاس میں‌انکشاف پر بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں کی مبینہ طور پر بھاری ایس ایم ایس چارجز کی ذمہ داری ایک دوسرےپر ڈالنےکی کوشش کی گئی۔

جس پر قائمہ کمیٹی نے صارفین سے ایس ایم ایس چارجز وصولی کا ایک سال کا ڈیٹا طلب کر لیا ۔

اجلاس میں‌بینکوں کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیاسال 2021ء میں ایک ایس ایم ایس کے چارجز صرف 42 پیسے تھے ، جو سال 2025ء میں 3 روپے 40 پیسے فی میسیج کر دیئے گئے .ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے ایس ایم ایس چارجز کم کئے بغیر بینک کچھ نہیں کر سکتے.

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک عنایت حسین نے بتایا بینکوں نے ایس ایم ایس کی مد میں صارفین سے 18 ارب 70 کروڑ روپے سالانہ فیس وصول کی،جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں کو 25 ارب 60 کروڑ روپےادائیگی کی گئی۔یوں بینکوں نے کمپنیوں کو 7 ارب روپے اضافی ادا کئے۔

جس پر سینیٹر عبدالقادر نےکہا بینک 400 ارب روپے سالانہ منافع کما رہےہیں،اگر 7 ارب روپے دے بھی دیں تو زیادہ بڑی بات نہیں، تاہم یہ دو پیسے کا ایس ایم ایس تین سو پیسےمیں کیوں بیچ رہے ہیں ۔

ٹیلی کام کمپنی کے نمائندے نے کہا ہمارے اوپر چور اچکوں کا لیبل لگا ہوا ہے،لیکن ہمارا بزنس شفاف ہے، کئی بار آڈٹ ہو چکا ۔

سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا ٹیلی کام کمپنیوں کی فی ایس ایم ایس کاسٹ ایک سے دو پیسے ہے،لیکن کمرشل بینک بھی اس میں پیسہ بنا رہے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نےکہا صارفین سے ایس ایم ایس چارجز کی وصولی کا ایک سال کا ڈیٹا فراہم کیا جائے،ڈیٹا ملنے کے بعد صارفین کو درپیش اس مسئلے کا حل نکالیں گے،جب سارا ڈیٹا آ جائے گا تو فی ایس ایم ایس لاگت کا بھی تعین ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں