bef69391 2db7 436f b593 92429ba78f7a

امدادی رقم کی تقسیم کے دوران دکان کی چھت گر گئی ، 8 خواتین جاں بحق ، 30 زخمی

رحیم یار خان: دکان کی چھت گرنے سے 8 خواتین جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئیں۔

رحیم یار خان پولیس کے مطابق چک 125 پی میں خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم لینے کے لیے دکان میں جمع تھیں، کہ اسی دوران چھت اچانک گر گئی۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور نے خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں کئی خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں۔دوسری جانب پرنسپل شیخ زید کالج ہسپتال رحیم یار خان نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والی 30 خواتین کو ہسپتال لایا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نواحی علاقے چک نمبر 125 کے قریب ایک مارکیٹ میں پیش آیا جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی قسط وصول کرنے کے لیے آنے والی 200 سے زائد خواتین ریٹیلر شاپ کی چھت پر موجود تھیں۔

حکام کے مطابق خواتین امداد کے انتظار میں موجود تھیں، کمزور چھت اچانک گر گئی جس سے کئی خواتین ملبے تلے دب گئیں، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور زخمی خواتین کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

بعدازاں ریسکیو حکام نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج مزید 3 خواتین دم توڑ گئیں، زخمی خواتین کی تعداد 76 ہے، میتیں شیخ زید ہسپتال میں ورثاء کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں