راولپنڈی:نواحی علاقے ڈھوک مقدم میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھائی نے شادی شدہ بہن کو قتل کر دیا.
واقعے کا مقدمہ تھانہ مندرہ میں مقتولہ فرحت شاہین کے والد ملازم حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے قانونی ضابطہ مکمل کرکے لاش ورثاء کے حوالے کر دی جبکہ ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق چار ماہ قبل بیٹی فرحت شاہین کی شادی محمد عثمان کے ساتھ ہوئی۔ 9 مارچ کو بیٹی کسی وجہ سے گھر سے چلی گئی جس پر اغواء کا مقدمہ بھی درج کرایا۔
بعد ازاں 11مارچ کو بیٹی بازیاب ہوئی اور اگلی صبح بیٹا ارسلان گھر آیا اور بیٹی فرحت شاہین سے گھر سے چلے جانے پر تلخ کلامی کی۔اسی دوران ارسلان نے پستول سے فرحت شاہین کے چہرے اور ٹانگ پر گولیاں ماریں۔ جس کے باعث فرحت شاہین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
مقتولہ کے والد کے مطابق خاوند کے ساتھ ناچاقی کی وجہ سے بیٹی اُن کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھی۔
قتل کا واقعہ اہلیہ ریحانہ بی بی، بیٹے فیضان احمد ، بیٹیوں زیبا شاہین اور مسرت شاہین نے بھی دیکھا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والی ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
