Untitled 2026 03 05T095800.996

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کا ایک سال مکمل، 77 ہزار کیسسز میں‌ کامیابی کی رپورٹ پیش

لاہور: سیینئر قانون دان امجد پرویز کا بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ایک سال مکمل ہوگیا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کو کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کر دی.

رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت کو مجموعی طور پر 77 ہزار 219 کیسز میں کامیابی حاصل ہوئی۔Untitled 2026 03 05T095556.749

وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز نے گزشتہ ایک سال کے دوران لاء آفیسرز کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں صوبے کے قانونی معاملات، اہم مقدمات کی پیش رفت، عدالتوں میں حکومتی مؤقف کے مؤثر دفاع اور قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمات میں نمایاں پیش رفت ہوئی اور مجموعی طور پر 77 ہزار 219 کیسز میں حکومت پنجاب کو کامیابی حاصل ہوئی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے مطابق مؤثر قانونی اقدامات کے نتیجے میں 80 ہزار کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جبکہ سرکاری خزانے کو 467 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتوں میں مقدمات کی بروقت تیاری اور مؤثر پیروی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے جس کے باعث سرکاری مقدمات کے ڈیٹا ڈسپوزل میں نمایاں بہتری آئی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ قانونی برادری کے اندر جمہوری عمل کو فروغ دیتے ہوئے پنجاب کے 36 اضلاع میں وکلاء کے انتخابات کامیابی سے منعقد کرائے گئے جبکہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات بھی شفاف اور منصفانہ انداز میں مکمل کیے گئے جنہیں وکلاء برادری کے مختلف دھڑوں نے سراہا۔

ایڈووکیٹ جنرل آفس کی جانب سے مختلف قوانین اور قواعد و ضوابط کی تیاری اور جانچ پڑتال میں بھی اہم کردار ادا کیا گیا، اس دوران پنجاب عوامی آگاہی و معلومات کی ترسیل ایکٹ 2025 کی تیاری میں قانونی معاونت فراہم کی گئی۔

پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف ایموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 کے مسودے پر بھی قانونی رہنمائی دی گئی، اسی طرح پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی رولز 2025 اور پنجاب لاء ریفارمز کمیشن بل 2025 کے مسودوں کی جانچ پڑتال میں بھی ایڈووکیٹ جنرل آفس نے اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانونی محاذ پر حکومت پنجاب کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایک شفاف، مؤثر اور جمہوری قانونی نظام کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ان کی ٹیم صوبے کے قانونی مفادات کے تحفظ اور حکومت پنجاب کے مقدمات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل (ایڈمن) چوہدری محمد نواز سمیت دیگر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں