ویب نیوز: سال 2026ء کے آغاز سے قبل امریکا کے پین ٹون کلر انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے آئندہ سال کے رنگ کا اعلان کر دیا ہے۔اس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے ہر سال کے لیے ایک رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے.
سال 2026ء کے لیے اس نے سفید یا وائٹ رنگ کے ایک شیڈ انتخاب کیا ہے، سفید رنگ کے شیڈ کلاؤڈ ڈانسر کو 2026 کا رنگ قرار دیا گیا ہے ۔ویسے تو یہ شیڈ دیکھنے میں سادہ سفید رنگ ہی ہے مگر پھر بھی انسٹیٹیوٹ کا اصرار ہے کہ یہ سفید کا ایک ذیلی رنگ ہے۔
انسٹیٹیوٹ کے مطابق یہ مدھم اور متوازن سفید رنگ سکون کا احساس پیدا کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ عہد میں ٹیکنالوجی نے روزمرہ کی زندگی کو مضبوطی سے اپنی گرفت میں لے لیا ہے اور کلاؤڈ ڈانسر مضطرب معاشرے میں سکون پیدا کرے گا اور خاموشی سے وقت گزارنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ رنگ نئے آغاز سے منسلک ہے اور نئے آغاز کے لیے ہماری خواہش کو بڑھائے گا۔
خیال رہے کہ اس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے 1999 سے ہر سال کے لیے رنگوں کا اعلان کیا جا رہا ہے، یعنی اب اسے 26 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
26 سال میں پہلی بار اس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سفید رنگ کے کسی شیڈ کو منتخب کیا گیا۔
ہر سال کے رنگ کے انتخاب کے لیے انسٹیٹیوٹ کے ماہرین موجودہ ثقافتی، سیاسی اور اسٹائل سے جڑے ٹرینڈز کا تجزیہ کرتے ہیں اور کسی رنگ کے مخصوص شیڈ کا انتخاب کرتے ہیں۔
درحقیقت ماہرین کے مطابق رنگ کا نام بہت اہم ہوتا ہے، جس وقت آپ رنگ کی وضاحت کرنے والے نام کو سنتے ہیں، فوراً ہی آپ کا ذہن اس کی تصویر بنانے لگتا ہے۔
انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ سفید رنگ کے اس شیڈ میں ٹھنڈک اور حرارت دونوں کا متوازن امتزاج موجود ہے۔
اس انسٹیٹیوٹ نے 2025 کے لیے براؤن رنگ کے شیڈ Mocha Mousse کا انتخاب کیا تھا۔
2024 کے لیے نارنجی مائل ہلکے گلابی رنگ کا انتخاب کیا تھا جسے Peach Fuzz قرار دیا گیا، 2023 کے لیے سرخ رنگ کے ایک شیڈ Viva Magenta جبکہ 2022 کے لیے جامنی رنگ کے ایک شیڈ Very Peri کا انتخاب کیا گیا تھا۔


