ویب نیوز: ہر سال گوگل کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی جاتی ہے جس میں سال بھر کی ٹاپ ٹرینڈنگ سرچز کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔
اس رپورٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ سال بھر دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کس چیز، شخصیت یا دیگر کے بارے میں تجسس رکھتے ہیں اور اس بارے میں جاننے کے لیے سرچ انجن کا رخ کرتے ہیں۔
اس سال بھی دنیا بھر میں لوگوں کے اندر متعدد موضوعات جیسے ہاٹ ہنی یا گرم شہد، اے آئی چیٹ بوٹس سے لے کر دیگر موضوعات کے بارے میں تجسس تھا اور ان کے بارے میں جاننے کے لیے گوگل کا رخ کیا۔
اس بارے میں مزید بتانے سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ گوگل کی یہ رپورٹ سب سے زیادہ مقبول سرچز کی عکاسی نہیں کرتی، اگر ایسا ہوتا تو اس رپورٹ میں عام اصطلاحات جیسے ویدر سرفہرست ہوتیں۔گوگل ائیر ان سرچ میں ان ٹرینڈنگ سرچز کے بارے میں بتایا جاتا ہے جن کے بارے میں ٹریفک 2024 کے مقابلے میں 2025 میں زیادہ دیکھنے میں آیا۔
تو اگر اس سال دنیا بھر میں ٹاپ ٹرینڈنگ سرچ کی بات کی جائے تو وہ حیران کن طور پر جیمنائی ہے، یعنی گوگل کا اے آئی چیٹ بوٹ، جس کے بارے میں لوگوں نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ سرچ کیا۔جیمنائی کے بعد بھارت بمقابلہ انگلینڈ اور Charlie Kirk دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔جیمنائی اس فہرست میں موجود واحد اے آئی چیٹ بوٹ نہیں بلکہ ڈیپ سیک 2025 کی ٹرینڈنگ سرچز میں 7 ویں نمبر پر رہا، جبکہ پاکستان اور بھارت 10 ویں نمبر پر رہے۔
ٹاپ ٹرینڈنگ نیوز میں Charlie Kirk کا قتل سرفہرست رہا جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ایران اور یو ایس گورنمنٹ شٹ ڈاؤن رہے۔کھانوں اور انہیں پکانے کی ترکیبوں یا ریسیپیز میں ہاٹ ہنی سرفہرست رہا جبکہ میری می چکن اور chimichurri بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے ۔
فلموں کی بات کی جائے تو اس زمرے میں ٹاپ ٹرینڈنگ سرچ اس سال آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم Anora کے نام رہی جس کے بعد سپرمین اور Minecraft Movie رہے۔اداکاروں کی ٹاپ ٹرینڈنگ سرچ میں Anora میں کام کرنے والی اداکارہ میکی میڈیسن سرفہرست رہی جبکہ لوئس پل مین دوسرے اور Isabela Merced تیسرے نمبر پر رہیں۔کھیلوں کے زمرے میں فیفا کلپ ورلڈ کپ پہلے نمبر رہا جس کے بعد ایشیا کپ اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی رہے۔
گوگل نے 2025 میں دنیا میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والی شخصیات کی بھی فہرست جاری کردی۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہر سال کھربوں سرچز میں سے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ ٹرینڈنگ (رجحانات) کو مدنظر رکھ کر اس فہرست کو مرتب کیا جاتا ہے۔
سال 2025 میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والی شخصیت کا اعزاز امریکی گلوکار ڈیوڈ انتھونی برک جنہیں D4vd کے نام سے جانا جاتا ہے، نے حاصل کرلیا۔
امریکی گلوکار D4vd ستمبر 2025 میں اس وقت خبروں کی زینت بنے جب ایک کم عمر لڑکیCeleste Rivas-Hernandez کی لاش ان کی کار سے برآمد ہوئی۔
اس خبر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا اور مداحوں کی جانب سے مختلف تبصرے اور سوالات اٹھائے گئے کہ مبینہ طور پر گلوکار D4vd کا اس قتل میں ہاتھ ہو سکتا ہےکیونکہ وہ لڑکی کی موت سے قبل اس کے ساتھ تعلق میں تھے۔رپورٹس کےمطابق لڑکی کی موت کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں اور گلوکار D4vd لاس اینجلس پولیس کے زیر تفیش ہیں۔
یہی وجہ ہے گوگل پر اس سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے افراد کی فہرست میں گلوکار D4vd پہلے نمبر پر رہے۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر امریکی گریمی ایوارڈ یافتہ ریپر کینڈرک لامار ہیں جنہوں نے اپنے گانے Not Like Us کی وجہ سے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔
اس سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے افراد کی فہرست میں تیسرا نمبر امریکی ٹی وی میزبان جمی کیمل کا ہے جو اس لیے خبروں میں رہے کہ انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی چارلی کرک کے بارے میں متنازعہ بیان دینے پر آف ائیر کر دیا گیا تھا۔
فہرست میں چوتھے نمبر پر چارلی کرک کا مشتبہ قاتل ٹائلر روبنسن ہے جو کرک کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار ہے۔کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو XIV اس سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات میں پانچویں نمبر پر رہے۔
اس فہرست میں امریکی فٹبالر شیڈور سینڈرز چھٹے،امریکی ریپر کانیے ویسٹ کی اہلیہ Bianca Censori ساتویں، نیویارک کے نئے میئر ظہران ممدانی آٹھویں، ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نویں اور جاپان کی وزیرِاعظم Sanae Takaichi دسویں نمبر پر رہیں۔
گوگل نے 2025 کے لیے پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کی ہے۔گوگل نے مجموعی طور پر 7 مختلف کیٹیگریز میں پاکستانیوں کی پسندیدہ سرچز کی فہرست جاری کی ہے۔گوگل نے کرکٹ، ایتھلیٹس، لوکل نیوز، ٹیکنالوجی، ریسیپیز، ہاؤ ٹو اور ڈراموں کی سرچنگ سے متعلق فہرستیں جاری کیں۔
کرکٹ میں سب سے اوپر پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا سرفہرست گوگل سرچ رہی۔پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ، پاکستان بمقابلہ بھارت، پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، بھارت بمقابلہ انگلینڈ، پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، بھارت بمقابلہ آسٹریلیا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور پاکستان بمقابلہ یو اے ای بالترتیب دوسرے سے 10 ویں نمبر پر رہے۔
ایتھلیٹس کی فہرست میں سب سے اوپر بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما موجود ہیں جن کو پاکستانیوں نے کافی سرچ کیا۔دوسرے پر حسن نواز، تیسرے پر عرفان خان نیازی، چوتھے پر صاحبزادہ فرحان، 5 ویں پر محمد عباس، چھٹے پر صائم ایوب، 7 ویں پر یاسر خان، 8 ویں پر کاشت علی، 9 ویں پر سیف حسن اور 10 پر عبد الصمد رہے۔
اگر خبروں کی بات کی جائے تو پاکستانیوں نے 2025 میں پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔اس کے بعد کراچی فلڈز، ایران، آسان کاروبار کارڈ، دریائے چناب میں سیلابی صورتحال، فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات کے نتائج، کراچی بورڈ کے میٹرک امتحانات کے نتائج، پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم، پاکستان میں سونے کی قیمت اور 9 ویں جماعت کے انتخابات کی تاریخ کو بالترتیب دوسرے سے 10 ویں نمبر تک سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
ٹیکنالوجی کے شعبے میں گوگل جیمنائی کو پاکستانیوں نے سب سے زیادہ سرچ کیا۔اس کے بعد تماشا، ڈیپ سیک، مائی کو، On4t، گوگل اے آئی اسٹوڈیو، claude، آئی فون 17، گروک اور نان فنجیبل ٹوکن دوسرے سے 10 ویں نمبروں پر سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔
ریسیپیز میں سینڈوچ بنانا بظاہر پاکستانیوں کا پسندیدہ مشغلہ رہا جس کی ریسیپیز کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔اس کے بعد فوڈ فیوژن ریسیپیز دوسرے، Quinoa ریسیپیز تیسرے، Dough ریسیپیز چوتھے، میٹھے پکوانوں کی ریسیپیز 5 ویں، مٹن ریسیپیز چھٹے، آسان ریسیپیز 7 ویں، Tofu ریسیپیز 8 ویں، سوپ ریسیپیز 9 ویں جبکہ بیف ریسیپیز 10 ویں نمبر پر رہیں۔
ہاؤ ٹو سیکشن میں سرفہرست یہ جاننا تھا کہ آخر کراچی کے ای چالان کو کیسے چیک کیا جائے۔اس کے بعد لوگوں نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ انسٹا گرام سے میسجز کو ان سینڈ کیسے کیا جاتا ہے۔تیسرے پر کار انشورنس کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی جبکہ چوتھے پر کرپٹو مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بارے میں جاننے کے لیے سرچ کیا گیا۔
5 ویں پر سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے طریقوں کو سرچ کیا گیا، جبکہ چھٹے پر یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ کریڈٹ کارڈ کے لیے کیسے اپلائی کیا جاتا ہے۔اگر 7 ویں نمبر کی بات کی جائے تو وہ Ghibli فوٹو بنانے کا طریقہ ہے جبکہ 8 واں نمبر بہترین وکیل منتخب کرنے کے طریقے کے نام رہا۔ایک ایپ سے استعمال کرکے فون سے پرنٹ لینے کا طریقہ 9 ویں جبکہ بلاگ اپ لوڈ کرنا 10 ویں نمبر پر رہا۔


