کراچی: پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے آئی ایم سی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کی قیادت سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق کریں گے۔ اس کے علاوہ فواد عالم ٹیم کے نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔
پاکستانی سکواڈ میں عبد الرزاق (کپتان)، فواد عالم (نائب کپتان)، شاہد آفریدی، ذوالفقار بابر، ہمایوں فرحت(وِکٹ کیپر)، سہیل خان، تابش خان، شہریار غنی، ندیم جاوید، عرفان مشتاق، عدنان بیگ ، محمد علی، عاطف مقبول، جاوید منصور، حسن ناصر، محمد سلیمان، طارق محمود اور عمران علی شامل ہیں۔
لیجنڈری جاوید میانداد اس ٹیم کے مینٹور کے طور پر خدمات انجام دیں گے.سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین بطور ہیڈ کوچ اور اعظم خان بطور ٹیم منیجر کے شامل کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 21 نومبر سے یکم دسمبر تک کراچی میں منعقد ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے گروپ ون میں میزبان پاکستان، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، کینیڈا اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ ٹو میں آسٹریلیا، امریکا، سری لنکا، زمبابوے، سعودی عرب اور ریسٹ آف دی ورلڈ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
