WhatsApp Image 2025 01 18 at 06.05.22

لاہور ہائیکورٹ میں‌ 2 لاکھ، صوبہ کی ضلعی عدلیہ میں‌ 15 لاکھ مقدمات زیرالتواء، ٹھوس اقدامات کا فیصلہ

لاہور:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت آج فل کورٹ اجلاس مرکزی لائبریری ہال میں منعقد ہوا، جس میں لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی،جسٹس عابد عزیز شیخ،جسٹس صداقت علی خان،جسٹس سید شہباز علی رضوی اورجسٹس فیصل زمان خان سمیت دیگر فاضل ججزشریک ہوئے۔اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان بھی موجود تھیں۔
فل کورٹ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کی لاہور پرنسپل سیٹ و ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچزاور صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں زیر التواء مقدمات خصوصاََ پرانے مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے متعدد تجاویز دی گئیں اور ان تجاویز کی روشنی میں ایک مربوط پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ زیر التواء مقدمات میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکے اور جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ اور ضلعی عدلیہ میں مقدمات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی،جس کے مطابق سال 2024ء کے دوران عدالت عالیہ لاہور اور پنجاب کی بھر کی ضلعی عدلیہ میں کل 38 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق سال 2024ءکے دوران لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ اور بنچز پر 1 لاکھ48 ہزار453 کیس دائر کئے گئے، جبکہ 1 لاکھ44 ہزار122 مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔اسی طرح صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں سال 2024ءکے دوران 37 لاکھ 89 ہزار 639 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 36 لاکھ57 ہزار 102 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ اجلاس میں مزید بتایاگیا کہ لاہور ہائیکورٹ اور علاقائی بنچز پر زیرالتواء مقدمات کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار ہے، جبکہ ضلعی عدلیہ میں 14 لاکھ94 ہزار868 مقدمات زیر التواء ہیں.

اپنا تبصرہ لکھیں