لاہور:کاہنہ میں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے خاتون جاں بحق ہو گئی، مقتولہ نے5 سال پہلے شادی شدہ شخص سے شادی کی تھی۔کاہنہ پولیس نے مقتولہ فاطمہ کی والدہ ثمینہ طارق کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا.
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر علی اعظم اور سوتیلےبیٹے ریان علی کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی آر میں مقتولہ کی ماں نے الزام عائد کیا ہے کہ داماد ان کی بیٹی پر تشدد کرتا رہتا تھا۔ماں نے الزام لگایا کہ 30 اپریل کو بھی داماد نے بیٹی کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا،اطلاع ملنے پر ہسپتال پہنچے تو بیٹی دم توڑ چکی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزموںکے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی۔
دوسری جانب لیاقت پور میں نشہ کے عادی خاوند کے بیوی پر کلہاڑیوں کے وار سے پانچ بچوں کی ماں سنگیتا دیوی زخمی ہو گئی، جس کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعہ تھانہ سٹی لیاقت پور کی حدود 19 والا ٹبہ میں پیش آیا۔ پولیس نے خاتون کے بھائی منور لعل کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے.
ایف آئی آر کے مطابق خاوند خانو رام اپنی بیوی سنگیتا کو پہلے بھی تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور واقعہ کے روز رات کے وقت جھگڑا کرنے کے بعد خاتون کے سر اور چہرے پر کلہاڑیوں کے وار کر کے موقع سے فرار ہو گیا۔
جس کو مقامی ہسپتال میںداخل کرایا گیا، تاہم ہسپتال زرائع کے مطابق کلہاڑی کے وار کے نتیجے میں خاتون کی آنکھ ضائع ہو گئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر بروقت پہنچ گئی، ایس ایچ او سمیع کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر دیا ہےاور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، نیز جلد ملزم پولیس کی گرفت میں ہوگااور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ملزم کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔