گردیز ی مارکیٹ ،گلگشت کے تاجروں پے درپے وارداتوں کے بعد گزشتہ روز خلجی ورائٹی سٹور اور عاشی بینگل جنرل سٹور کے تالے توڑ کر نقدی و سامان چوری ہونے سراپااحتجاج ہو گئے اور انہوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران ملتان و جنوبی پنجاب کے صدرحاجی عارف فصیح اللہ کی قیادت میں گردیز ی مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
مظاہر ہ میں عامر خلجی ، محمد عمران ، شعیب ، مزمل ، عاقل ، عاطف ، عنصر ، حارث ، سعد ، عرفان ، نوید ، عبدالوحید سمیت درجنوں تاجروں نے شرکت کی اور پولیس و انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران ملتان و جنوبی پنجاب کے صدرحاجی عارف فصیح اللہ نے کہا کہ آئے روز چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کی وجہ سے تاجروں کا کاروبار کرنا محال اور جینا دوبھر ہوکر رہ گیا ہے ۔ان وارداتوں سے تاجروں کی نیندیں حرام ہو کر رہ گئی ہیں ،اربوں روپے ٹیکس دینے کے باوجود انہیں تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا ،جس کی وجہ سے ان میں عدم تحفظ اور بے چینی پائی جاتی ہے،ان کا پولیس سے اعتبار ختم ہوگیا ہے ، پولیس اب تک کسی ایک بھی واردات کو ٹریس نہیں کرسکی ، نہ ہی چوروں اور ڈاکوؤں کے سرگرم گروہوں کو گرفتار کرکے تاجروں کی ریکوریاں کرائی جاسکی ہیں اور اب تک لٹنے والے کسی ایک بھی تاجر کی ریکوری نہیں ہوسکی ، انہوں نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ، آرپی او ،سی پی او، ضلعی حکام سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملہ کا نوٹس لیا جائے اور ان وارداتوں کی روک تھام کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے تاجروں کی ریکوریاں کرائی جائیں ،بصورت دیگر چوریوں اورڈکیتیوں سے تنگ آئے ہوئے تاجر احتجاج کا دائرہ پورے شہر تک پھیلانے پر مجبور ہوں گے ، جس کی ذمہ داری پولیس اور انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے تاجروں کی احتجاجی تحریک چلانے پر بھی غور کیا جارہا ہے ،جس کے لئے مشاورتی اجلاس بھی طلب کرلیا گیاہے ، جلدہی مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔