اسلام آباد: افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز (اے سی سی) کے ملک چھوڑنے کی حکومتی ڈیڈ لائن آج ختم ہو رہی ہے، جڑواں شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی افغان شہری کو ان کے اہل خانہ سمیت پکڑ کر ملک بدر کریں۔
حکام کی جانب سے تمام افغان شہریوں کو جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سے باہر منتقل کرنے کے لیے 31 مارچ کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی گئی تھی۔
راولپنڈی پولیس چیف نے راول، پوٹھوہار اور صدر ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹس کو ضلع میں مقیم یا کام کرنے والے غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دریںاثناءوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجودہ حالات کے پیش نظر کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ نے اس مرتبہ لیک ویو پارک اور دامن کوہ پارک کو فیملیز پارک قرار دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پارکس میں عید کے تینوں دن صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 18 پکٹس لگائی گئی ہیں، 500 سے زائد ٹریفک اہلکار ٹریفک کی روانی یقینی بنارہے ہیں۔ 3500 سے زائد افسران و جوان شہر میں پٹرولنگ پر مامور ہیں۔ سیکٹرز میں فور ویلرز اور ٹو ویلرز پٹرولنگ کی جارہی ہے۔
قبل ازیں بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر عیدالفطر کے موقع پر کوئٹہ میں مختلف تفریحی مقامات پر سیاحوں کے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ آفس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہنہ اوڑک، کرخسہ اور شعابان سمیت دیگر تفریحی مقامات پر سیاحوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔