ویب نیوز: ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے 2025ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستانی صارفین کی اڑھائی کروڑ سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کردی ہیں۔یہ بات کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک پر روزانہ کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں جن کے مواد کی جانچ پڑتال کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت ہوتی ہے۔
اسی حوالے سے ٹک ٹاک نے 2025 کی دوسری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے اپریل سے جون 2025 کے دوران دنیا بھر میں 18 کروڑ 90 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا۔یہ ٹک ٹاک پر اس عرصے میں اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کے تقریباً 0.7 فیصد کے برابر ہے۔
ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز میں سے 16 کروڑ 39 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے شناخت کرکے حذف کیا گیا، جن میں سے 74 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو مزید جانچ پڑتال کے بعد بحال کر دیا گیا۔
کمپنی کے مطابق فعال انداز سے ویڈیوز حذف کرنے کی شرح 99.1 فیصد رہی اور ان میں سے 94.4 فیصد مواد کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا۔اس عرصے کے دوران 7 کروڑ 69 لاکھ سے زائد جعلی اکاؤنٹس کو حذف کیا گیا جبکہ مزید اڑھائی کروڑ سے زائد ایسے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کیے گئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حذف کی گئی 30.6 فیصد ویڈیوز حساس یا بالغ موضوعات پر مشتمل تھی جو مواد کے حوالے سے ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے مطابق نہیں تھیں۔14 فیصد ویڈیوز میں پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے معیارات کی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ 6.1 فیصد ویڈیوز پرائیویسی اور سیکیورٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی پر مبنی تھیں۔حذف کی گئی ویڈیوز میں سے 45 فیصد کو غلط معلومات کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا جبکہ 23.8 فیصد ویڈیوز کو ترمیم شدہ میڈیا اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے تیار کردہ مواد کے طور پر شناخت کیا گیا۔
پاکستان میں اس عرصے کے دوران 2 کروڑ 54 لاکھ 48 ہزار سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا۔کمپنی کے مطابق گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریبا 96.3 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔