floodvf

ملک کے متعدد علاقوں‌میں‌بارشوں‌اور سیلاب سے صورتحال سنگین، جنوبی پنجاب بھی متاثر

نمائندگان: پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں دریائے راوی میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ جسڑ کے مقام پر 55 سے 60 ہزار کیوسک پانی مسلسل دریائے راوی میں داخل ہو رہا ہے ۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 28 ہزار کیوسک ہے۔

جسڑ کے مقام پرپچپن سے ساٹھ ہزار کیوسک پانی مسلسل دریائے راوی میں داخل ہو رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی سے ملحق اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ دریائے راوی کے پاٹ میں موجود شہریوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ مساجد کے ذریعے اعلانات کرکے شہریوں کو ممکنہ صورتحال بارے آگاہ کیا جائے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں کہا گیاہے کہ شمالی علاقہ جات بالخصوص گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اورسیلابی صورتحال سے نقصان کے باعث متعدد راستے بند ہو گئے ہیں اور کوئی متبادل راستہ بھی نہیں ہے ، اس لئے سیاح اس طرف سفر سے گریز کریں ۔

کلاوڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر مری کے تمام سکولز 2 روز کیلئے بند کردیے گئے۔اعلامیے کے مطابق مری میں تمام سکول 19 اور 20 اگست کو نجی، سرکاری سکولز بند رہیں گے۔اس طرح‌خطرے کے پیش نظر چیئر لفٹ بھی بند کر دی گئی ہے.

محکمہ تعلیم نے راولاکوٹ میں ہنگامی حالات کےپیش نظر تعلیمی اداروں میں 23 اگست تک چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔راولاکوٹ میں شدیدبارش نےتباہی مچادی،متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگئیں، لینڈ سلائڈنگ سے مختلف علاقوں کا شہرسےرابطہ منقطع ہوگیا،دوسری جانب یونیورسٹی آف پونچھ کی خاتون لیکچرارگل لالہ کی گاڑی تراڑ کیمپس کے سامنے برساتی نالہ میں بہہ گئی،حادثے میں گل لالہ جاں بحق ہوگئی۔

خیبرپختونخوا میں بونیر کے بعد صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوگیا، متعدد گھر ڈوب گئے، 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نصر اللہ نے تصدیق کی ہے کہ صوابی میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوگیا، جس سے متعدد گھر ڈوب گئے، دالاوڑی گدون گاؤں کئی گھر گرنے اور 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

جنوبی پنجاب میں‌بھی کوہ سلیمان میں‌بارشوں‌ اور دریاؤں‌میں‌طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے. میپکو کوٹ ادو ڈویژن کے زیر انتظام متعدد بستیوں میں سیلابی صورتحال کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی.سیکنڈسب ڈویژن کوٹ ادو کے فیڈر نمبر 5 اور 6 کی برانچز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر بند کردی گئی.دونوں فیڈرز سے منسلک 40 بستیاں سیلابی پانی سے متاثر ہوئی ہیں.

اس صورتحال کے باعث بجلی فراہم کرنے والے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز اور ایل ٹی لائنوں سے بجلی منقطع کی گئی ہے.سیلابی صورتحال کے باعث بیجز نمبر 15 اور 16 کے 1296 صارفین کی بجلی کی سپلائی سیفٹی ایس او پیز کے باعث عارضی طور پر بندہے.

ایس ڈی او سیکنڈ سب ڈویژن کی سربراہی میں ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا.سب ڈویژنل سٹاف کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے. میپکو حکام کے مطابق سیلابی پانی اترنے کے بعد متاثرہ صارفین کی بجلی کی بحالی ممکن بنائی جائے گی.

اپنا تبصرہ لکھیں