لاہور:لیک سٹی کے اشتراک سے پاکستان کی سب سے بڑی گھڑدوڑ ڈربی ریس کل 23فروری کو منعقد ہوگی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔
لاہور ریس کلب کے زیر اہتمام ریس کلب کوٹ لکھپت میں ہونے والی لیک سٹی پاکستان ڈربی ریس میں ٹاپ کے گھوڑے دوڑیں گے۔ لیک سٹی پاکستان کے سب سے بڑے گھڑ دوڑ مقابلے کو سپانسر کررہا ہے۔ اس کی انعامی رقم ایک کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔ پاکستان ڈربی ریس میں چار سال کی عمر تک کے گھوڑے حصہ لے سکیں گے۔ لیک سٹی کے اشتراک سے ہونے والی ریس میں 13 گھوڑے میدان میں اتریں گے ۔ سردار نامی گھوڑا مقابلے کا فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ایک پریمیئر ہارس ریسنگ ایونٹ ہے جو سنسنی’ جوش اور خوبصورتی کے ساتھ منعقد ہوگا۔ اس شاندار ایونٹ کی خاص بات یہ ہے اس میں میں ہر جگہ سے ریسنگ کے شوقین افراد اکٹھے ہوں گے۔ اس موقع پر فیملیز لائیو موسیقی’ مزیدار کھانے کے اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوںگی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ صرف ایک دوڑ نہیں ہے بلکہ یہ کمیونٹی’ ثقافت اور کھیلوں کی فضیلت کا جشن ہے۔ لاہور ریس کلب کے متحرک ماحول میں ناقابل فراموش یادیں بنانے کیلئے اس ایونٹ میں پاکستان بھر سے لوگ شرکت کرینگے۔