نمائندگان: تھانہ صدر چیچہ وطنی کےنواحی چک 109 سات آر میں غیرت کے نام پر سگی بہن کو مبینہ طور پر اس کے 2سگے بھائیوں اور چچا نے گلے میں رسی سے پھانسی دے کر قتل کر دیا، جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا.
واقعات کے مطابق کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کے لئے (م)گھر چھوڑ گئی، جس کو پنچائیت کے ذریعے بھائی اور چچا واپس لے آئے،تاہم وقوعہ کے روز لڑکی پسند کی شادی نہیںہونے پر دوبارہ اپنے گھر سے جارہی تھی کہ اس کے دو بھائیوں اور چچا نے تعاقب کر کے پکڑ لیا اور گلے میں رسی ڈال کر پھانسی دے کر ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس صدر چیچہ وطنی نے مقتولہ کی بہن عابدہ بی بی کی مدعیت میں دو سگے بھائیوں اور چچا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب سرگودھا کے علاقہ کوٹمومن میں پیش آنے والے دلخراش واقعہ میںکھیل کےدوران گندم کے ڈرم میں دم گھٹنے سے 6 بچیاں جاں بحق ہو گئیں.
ریسکیو حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں پیش آیا جہاں بچیاں کھیلتےہوئے گندم ذخیرہ کرنے والے ڈرم میں چلی گئی تھیں۔ تاہم واقعہ کا علم ہونے تک تمام بچیاں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوچکی تھیں، جن کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں میں 7 سالہ مریم، 6 سالہ سونیا، 1 سالہ دعا فاطمہ ، 4 سالہ سویرا رانی ، 6 سالہ آمنہ اور 8 سالہ سمیہ شامل ہیں۔مذکورہ بچیوںمیں4 سگی بہنیں اور 2 کزنز شامل تھیں.
ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر میں گندم کے ڈرم کو صاف کرنے کے بعد گھر والے چارہ کاٹنے باہر چلے گئے، اور گھر میںموجودمعصوم بچیاں کھیلنے کے لئے نیچے لیٹے ہوئے بھڑولے کے اندر چلی گئی تھی، جس کا دروازہ بند ہو گیا اور دم گھٹنے سے معصوم بچیوں کی موت واقع ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چک 60/5 ایل برج والا میں گھر میں کھیلتے ہوئے لوہے کے ڈرم میں بند ہونے کے باعث دم گھٹنے سے 2 بہن بھائی موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔
دریںاثناء جنوری میں ایک خاندان کے 5 بچے جن میں چار بہن بھائی اور ان کا ایک کزن شامل تھا، سردی سے بچنے کے لیے جلائے گئے اپلوں سے اٹھنے والے دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث دم توڑ گئے تھے۔