ملتان: وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت، پنجاب کا پہلا "نواز شریف سکول آف ایمیننس” ضلع ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والہ میں قائم ہوگا۔ اس سلسلے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی میں شراکت داری کا سنگ میل طے کرلیا گیا اور ایم او یو کمشنر آفس میں سائن کیا گیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا۔نواز شریف سکول آف ایمیننس، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیم نواز وژن کا آئینہ دار منصوبہ ہے۔
جلالپور پیر والہ پبلک سکول کی ازسرِ نو بہتری کرکے طلباء و طالبات کو عصری خطوط پر تعلیم دی جائے گی۔ جدید تعلیم میں سائنس، آرٹس کیساتھ میٹرک ٹیک کی آپشن بھی میسر ہوگی۔ دورہ جلال پور پیر والا کے موقع پر پبلک سکول کے وسیع انفراسٹرکچر سے محدود استفادہ، اور صرف 50 طلباء، 5 اساتذہ پر مشتمل سکول دیکھ کر بہتری کا فیصلہ کیا۔
ایم ڈی پیف شاہد فرید نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔پنجاب بھر میں 300 نواز شریف سکولز آف ایمیننس کی تعمیر کا اعلان، تعلیمی انقلاب کی نوید ہے۔ صوبائی اراکینِ اسمبلی نازک کریم لانگ اور لعل محمد جوئیہ نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس سے علاقے کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات میسر آسکیں گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار علی خان بھی موجود تھے.