WhatsApp Image 2025 03 02 at 3.15.19 PM

محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی جھنگ اور تونسہ میں کاروائیاں، بڑی کامیابی

ملتان:محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی ٹیموں نے جھنگ اور تونسہ بیراج کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے نایاب نسل کے پانچ آبی پرندوں اور ایک ریچھ کو غیر قانونی تحویل سے آزاد کروا لیا۔

مذکورہ آبی پرندے (نیل بلائی) دریائے سندھ کے اپ سٹریم میں آزاد کر دیے گئے۔ اس کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی شکار کے لیے استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا۔

محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کر دیا ہے، جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر، مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلی حیات کی چھاپہ مار ٹیم کے افسران اور عملے کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی شکار کرنے اور جنگلی جانوروں کو غیر قانونی طور پر قابو میں رکھنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ کی کوششوں میں صوبائی حکومت کا ساتھ دیں اور کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں، ورنہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ کارروائی محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو صوبے میں غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کے استحصال کے خلاف جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں