LHC 4 1

پنجاب میں‌دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا حکم

لاہور:ہائیکورٹ نے رمضان المبارک کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے باور کرایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کو گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کو کنٹرول کرنے کی مناسب اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، لاہور میں چلنے والی ہر پانچویں موٹر سائیکل دھواں دے رہی ہوتی ہے، چار ہزار کاریں اتنی چھوٹی سی جگہ پر ہوں تو آلودگی کا کیا حال ہو گا؟

عدالت نے رمضان کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

عدالت نے چیف ٹریفک آفیسر اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ داخل کرانے کی ہدایت کی اور ایل ڈی اے کو سکولوں کی ٹریفک سے متعلق تفصیلی پلان داخل کرانے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے گرین بلڈنگز کو ٹیکس سے چھوٹ کے لیے پالیسی بنائے۔ ہائیکورٹ نے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور ریمارکس دیئے کہ بڑے عرصے بعد لاہور میں ایسا موسم ہے کہ رات کو ستارے نظر آ رہے ہیں، یہ آپ سب کی محنت کا ثمر ہے بہت اچھے، شاباش ہے سب کو۔

عدالت نے سکولز کو گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد پارکنگ ایریا بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ہائیکورٹ نے پانی کے ضیاع روکنے کے لیے واسا کو واٹر میٹرز کی تنصیب جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

واسا کے وکیل نے بتایا کہ دو لاکھ واٹر میٹر لگانے کے لیے پی این ڈی کو سمری بھیج رہے ہیں۔ عدالت نے پی این ڈی کو سمری پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کی۔

عدالت نے ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کے ذاتی حیثیت میں پودے لگانے کی رائے دینے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ڈائریکٹر کو پی ڈی ایم اے کی جانب سے پودے لگانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فصلوں کو لگنے والے سیوریج پانی کو روکنے کے لیے ہر محکمہ کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں