دریائے سندھ سے نئی کینال نکالنے کے خلاف ایس ٹی پی کی جانب سے ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ کے 6 کروڑ عوام کی روزی،روٹی کا واحد ذریعہ زراعت سے منسلک ہے،حکمران اسے صحرا کی طرف موڑنا چاہتے ہیں،انھوں نے اگر ایسا قدم اٹھایا تو لاہور اور اسلام آباد میں بھی احتجاج کریں گے.تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے نئی کینال نکالنے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے میرپورخاص میں سٹیشن چوک سے مارکیٹ چوک تک ریلی نکالی گئی .ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کا دریائے سندھ کے سوا پانی کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے، پنجاب اور وفاق اس کا رخ موڑنا چاہتے ہیں،سندھ کے 6 کروڑ باشندے زراعت سے منسلک ہیں نئی کینال نکالنے سے سندھ بنجر ہو جائے گا.انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے ایسے منصوبے کی منظوری دی ہے جو مستقبل میں سندھ کو تباہ کر دے گا، جبکہ بلاول بھٹو زبانی طور پر اس کی مخالفت کرتے ہیں جو کہ دوہرا معیار ہے.انہوں نے کہا کہ یہ صرف زراعت کا مسئلہ نہیں ہے،ہم تاجر برادری سے بھی کہتے ہیں کہ وہ دریائے سندھ کو بچانے کی تحریک سے لاتعلق نہ رہیں،نہیں تو وہ تباہی کے لئے بھی تیار رہیں.قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کا پانی روکنے والا سندھ کا دشمن ہے،پانی روکنے میں مدد کرنے والا غدار ہے.ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ہم نئی کینال نکالنے کے خلاف پورے سندھ میں جلسے اور ریلیاں کر رہے ہیں، 24 فروری کو حیدرآباد میں ایک بڑا جلسہ کرنے کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی گراؤنڈ سجائیں گے.سندھ کے عوام کو اس جنگ کے لئے تیار رہنا چاہیئے.ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ٹی پی کے سینئر وائس چیئرمین گلزار سومرو نے کہا کہ لاہور کے حکمران سندھ کے عوام سے سندھ کا پانی چوری کرنا چاہتے ہیں.انہوں نے کہا کہ سندھ 77 سال پہلے سے بہت نقصان اٹھا رہا ہے،حکمران اب اسے مزید تباہ کرنا چاہتے ہیں.اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حیدر شاہانی نے کہا کہ حکمران سندھ کا پانی روک کر سندھ کو مکمل تباہ کرنا چاہتے ہیں.اجتماع سے ہوت خان، قادر چنا، حکیم زادی تھیبو اور کریم کیریو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حکمران نہریں نکال کر سندھ کی زرعی معیشت کے ساتھ شہروں کو بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں.ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو پہلے ہی بھکاریوں کی طرح بنا دیا گیا ہے،اب سندھ کی واحد وسیلے پانی کو روک کر سندھ کو مکمل تباہی کی طرف دھکیلنے کی سازش کی گئی ہے،جس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔