Untitled 2025 07 15T222943.884

پاکستان میں‌موٹاپے سے بیماریوں‌میں‌اضافہ، 70 فیصد صحافیوں‌کا وزن ذیادہ نکلا

ملتان: پاکستان میں 27 فیصد بچے موٹاپے کا شکار ہیں جبکہ ملتان پریس کلب میں منعقدہ ہیلتھ کیمپ میں سکریننگ کے دوران 70 فیصد سے زائد صحافیوں کا وزن معمول سے زیادہ پایا گیا، جس پر طبی ماہرین نے موٹاپے کو "تمام غیر متعدی بیماریوں کی ماں” قرار دیتے ہوئے اسے ملک میں صحت کا بڑھتا ہوا بحران قرار دیا۔

ملتان پریس کلب میں گیٹس فارما کے زیر اہتمام منعقدہ او بیسٹی آگاہی سیمینار میں ممتاز معالجین، اینڈوکرائنولوجسٹ اور پبلک ہیلتھ ماہرین نے مختلف عمر کے افراد میں بڑھتے ہوئے موٹاپے پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
Untitled 2025 07 15T222519.407
پروفیسر محمد ارشد، کنسلٹنٹ فزیشن اور معدے کے امراض کے ماہر نے بتایا کہ اس وقت ملک میں ہر چار میں سے ایک بچہ موٹاپے کا شکار ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں بڑھتی ہوئی اسکرین ٹائم، بیٹھے رہنے کا طرزِ زندگی، فاسٹ فوڈ کا استعمال اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی شامل ہیں۔پروفیسر ارشد نے موٹاپے کے جذباتی اثرات پر بھی روشنی ڈالی اور اسے چڑچڑاپن اور غصے جیسے رویوں سے جوڑا۔سادہ غذا کا استعمال اعتدال اور جسمانی سرگرمی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل مسعود قریشی، کنسلٹنٹ اینڈوکرائنولوجسٹ نے خبردار کیا کہ بچوں میں موٹاپا مستقبل میں ذیابیطس، بلند فشار خون، گردوں کے امراض، خواتین میں بانجھ پن، موڈ کی خرابی، اور قبل از وقت اموات جیسے خطرناک مسائل کو جنم دے رہا ہے۔

ماہرین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری اقدامات کرے، جن میں سکولوں کے میدان بحال کرنا، شہروں میں فٹ پاتھ اور سائیکل ٹریک کی تعمیر، پیدل چلنے اور سائیکل چلانے کو فروغ دینا، اور خوراک پر کیلوریز سمیت واضح لیبلنگ شامل ہے تاکہ عوام صحت مند انتخاب کر سکیں۔ماہرین نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو قدرتی طریقے سے پیدا ہونے دیں، یعنی غیر ضروری آپریشن (سی سیکشن) سے گریز کریں، دودھ پلانے کو ترجیح دیں، اور بچوں کو باہر کھیلنے کی عادت ڈالیں۔ انہوں نے گھر کی سبزیاں، دیسی آٹا، اور پراسیس شدہ اشیاء ، میٹھے مشروبات اور برائلر مرغی سے پرہیز کی بھی تاکید کی۔

ڈاکٹر وجیہہ جاوید، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ اینڈ ریسرچ، گیٹز فارما نے پاک صحت سٹڈی کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں 80 فیصد خواتین اور 70 فیصد مرد موٹاپے کا شکار ہیں۔ تقریباً نصف آبادی بلند فشار خون میں مبتلا ہے جبکہ ہر تیسرے پاکستانی کو ذیابیطس لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ گیٹز فارما مریضوں پر مبنی صحت مہمات، جلد سکریننگ اور کمیونٹی کی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے، اور پریس کلب کے ساتھ اشتراک بھی اسی وسیع مقصد کا حصہ ہے کہ پاکستان کو صحت مند قوم بنایا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر ماہرین نے قابلِ عمل مشورے دیے، جن میں رات کی نیند 6 سے 8 گھنٹے تک رکھنا، روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ ورزش کرنا، پانی کا استعمال روزانہ کی خوراک کا 60 فیصد رکھنا، اور چائے، کولڈ ڈرنکس سمیت میٹھی اشیاء کے استعمال میں کمی شامل ہے۔

سیمینار کے دوران صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے لگائے گئے مفت ہیلتھ کیمپ میں خطرناک رجحانات سامنے آئے، جن کے مطابق 70 فیصد سے زائد افراد کا وزن زیادہ تھا، جبکہ 25 فیصد میں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے آثار پائے گئے۔

ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سینئر نائب صدر خالد چوہدری، نائب صدر شریف جوئیہ، مظہر جاوید اورفنانس سیکرٹری فرحان ملغانی نے گیٹز فارما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ماہرین کے قیمتی مشوروں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں