لاہور: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2025ءکے امتحان کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے جو کہ 5 اکتوبر صبح 10 بجے ہو گا ۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب کے امیدواروں کا ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور لے گی جبکہ سندھ کے امیدواروں کا امتحان آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے تحت ہوگا۔ خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان خیبر میڈیکل یونیورسٹی لے گی جبکہ بلوچستان کے امیدواروں کا ٹیسٹ یونیورسٹی کوئٹہ کے تحت ہوگا ۔
وفاقی دارالحکومت اور آزاد کشمیر کے امیدواروں کے لیے امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوگا جبکہ گلگت بلتستان اور ریاض میں مقیم امیدواروں کا امتحان بھی اسی یونیورسٹی کے زیر انتظام ہوگا ۔ ایم ڈی کیٹ کے لیے رجسٹریشن 8 اگست سے شروع ہو گی، جو 25 اگست تک جاری رہے گی۔ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کرانے کی آخری تاریخ یکم ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن اسلام آباد،لاہور،پشاور کوئٹہ،کراچی سمیت 33شہروں میں ہوگی ، سعودی عرب میں رہنے والے طلبہ ریاض میں بھی رجسٹریشن کراسکیں گے ، ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار جبکہ لیٹ فیس 13 ہزار مقرر کر دی گئی ہے جبکہ انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کیلئےایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 45 ہزار،لیٹ فیس 55 ہزار مقرر کی گئی ہے ۔
خیال رہے کہ ملک بھر میںہزاروںکی تعداد میںطلبہ گزشتہ 2 ماہ سے پرائیویٹ اداروں میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی تیاری کےلئے کروڑوںروپے کے اخراجات کررہے ہیں.