پشاور: ملاکنڈ یونیورسٹی کے لیکچرار پر طالبہ کو ہراساں کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر سینڈیکیٹ نے لیکچرار کو ملازمت سے برخاست کرنے کا فیصلہ صادر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ یونیورسٹی کے لیکچرار عبدالحسیب پر ہراسانی کے الزامات ثابت ہوگئے ہیں جس کے بعد اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی سفارش پر یونیورسٹی سینڈیکیٹ نے لیکچرار کو نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ لیکچرار عبدالحسیب پر 4 فروری کو ملاکنٍڈ یونیورسٹی میں اردو ڈیپارٹمنٹ کی ایک طالبہ نے اغواء اور جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔مقدمہ اندارج کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ملزم لیکچرار کو معطل کرکے معاملہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کو بھجوا دیا تھا۔
ہفتے کے روز یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے لیکچرار کی برطرفی کا فیصلہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا۔ یونیورسٹی کے ترجمان معراج نے میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئےبتایا کہ لیکچرار کی برطرفی کا فیصلہ سنڈیکیٹ اجلاس میں ہوا ہے اور پیر تک اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا.