ملتان:عالمی یوم جنگلات کے موقع پر غازیگھاٹ کے مقام پر محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ایک گرینڈ تقریب منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، پارلیمانی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اجمل خان چانڈیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن اور سپیشل سیکرٹری جنگلات رانا رضوان قدیر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب کو سرسبز بنائیں گے اورشجر کاری کے کلچر کو عام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ عہد کریں اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2010 کے سیلاب کی تباہ کاریاں میں نے اپنی آنکھ سے دیکھی ہیں اگر ہم نے مستقبل میں ایسے سیلاب سے بچنا ہے تو زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنا ہو گی۔
سپیشل سیکرٹری جنگلات رانا رضوان قدیر نے بتایا کہ آج جنوبی پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جبکہ اس سال 7 ہزار ایکڑ پر 50 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمی تغیرات سے بچانے کا بہترین حل شجر کاری ہے۔محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کام کر رہا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائیر ایجوکیشن محمد اجمل خان چانڈیہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن پلانٹ فار پاکستان کو فروغ دینا ہے جو ایک عظیم مشن ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان ساجد نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب زیادہ متاثر ہوا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب عملی اقدامات کر رہی ہےہر سال زیادہ سے زیادہ رقبے پر شجر کاری کی جائے گی اور موسمیاتی تبدیلی کو کنٹرول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات ہمارا مستقبل ہےاس کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔
چیف کنزرویٹر محمد نواز سندیلہ نے بتایا کہ غازیگھاٹ کے مقام پر آج عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ڈیڑھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور غازیگھاٹ کے مقام پر محکمہ جنگلات کی جانب سے 1500 ایکڑ پر شجر کاری کی جائے گی۔ امسال عالمی یوم جنگلات کا پیغام جنگلات اور خوراک ہے۔
اس موقع پرڈپٹی سیکرٹری طارق سنانواں اور ڈی ایف او راشد محمود ، غیر سرکاری تنظیم سائیکوپ کی چیئر پرسن ام کلثوم سیال بھی موجود تھیں ۔ بعد ازاں مہمانوں نے غازیگھاٹ کے مقام پر محکمہ جنگلات کی ارضی پر پودے لگائے ۔ سکول کےطلباء و طالبات اور اساتذہ اور سرکاری محکموں کے افسران اوراہلکاروں نے بھی پودے لگائے۔