اسلام آباد: عالمی کشیدگی کی صورتحال کے باعث پاکستان میں ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیاہے.
ادویات کی عالمی سپلائی میں ممکنہ تعطل کے پیش نظر ڈریپ نے ایڈوائزری جاری کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق فارما کمپنیوں کو خام مال کے ایک ہی سپلائر پر انحصار کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، ڈریپ کا کہناتھا کہ ادویات کے خام مال اور پیکنگ میٹریل کے متعدد ذرائع اختیار کیے جائیں۔
ایڈوائزری میں فارما کمپنیوں کو خام مال اور تیار ادویات کا مناسب اسٹاک رکھنے ، شپنگ میں تاخیر یا دیگر غیر متوقع حالات سے نمٹنے کیلئے اضافی ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
کمپنیوں کو سپلائی کے ممکنہ خطرات کا باقاعدہ جائزہ لینے اور متبادل منصوبہ بندی کی بھی ہدایت کر دی گئی ۔
ڈریپ کے مطابق مصنوعات کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ اور مستقبل کی طلب کا درست اندازہ لگایا جائے، ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور مصنوعی قلت سے بچاؤ کیلئے موثر نگرانی ہوگی۔
ایڈوائزری میں سرکاری اداروں کوترجیحی بنیادوں پرادویات کی فراہمی جاری رکھنے ، وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
