Untitled 2025 09 01T214237.592

سیلابی ریلہ ملتان کے قریب پہنچ گیا، 3 ڈویژنز میں‌ 8 لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی

ملتان: کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک کے قریب پانی کا ریلا سوموار اور منگل کی درمیانی شب گزرے گا۔پانی کی صورتحال دیکھتے ہوئے شیر شاہ اور ہیڈ محمد والا میں بروقت بریچنگ کا فیصلہ کیا جائے گا تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں کی تعداد بڑھا کر 84 سے 88 کر دی گئی ہے، تاکہ متاثرہ افراد کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ متاثرین کے لیے خیمہ بستیوں کو بارش کے پیش نظر سکولوں کے کمروں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ہر متاثرہ خاندان کو قیام، طعام، پینے کے پانی اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مویشیوں کے لیے چارے اور ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نشیبی علاقوں میں انتظامیہ خود جا کر متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے جبکہ کچھ متاثرہ شہری اپنے عزیز و اقارب کے پاس قیام کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلڈ کیمپس میں مقیم افراد کی تعداد صورتحال کے مطابق بدلتی رہتی ہے تاہم تمام کیمپوں میں بنیادی سہولیات موجود ہیں۔

کمشنر نے واضح کیا کہ انتظامیہ مزاحمت کرنے والے شہریوں کو بھی زبردستی محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہے تاکہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے اور متاثرہ آبادی کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب سیکرٹریٹ نے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ریسکیو، ریلیف اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تازہ ترین صورتحال جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سیلاب سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 98 ہزار 823 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 5 لاکھ 88 ہزار 50 ایکڑ زمین اور 5 لاکھ 65 ہزار 997 ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

انتظامیہ نے ریلیف آپریشنز کو مزید تیز کرتے ہوئے اب تک 8 لاکھ 25 ہزار 885 افراد اور 6 لاکھ 55 ہزار 688 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ بر وقت طبی امداد کو یقینی بنانے کے لیے 387 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں 22 ہزار 547 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 437 ریلیف کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو پناہ دی جا سکے۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ فلڈ کی موجودہ صورتحال میں اب تک ملتان ڈویژن میں‌5 لاکھ 29 ہزار 938 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ 3 لاکھ 60 ہزار 709 مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ جس میں‌ضلع ملتان سے 351230، خانیوال سے 102645اور وہاڑی سے 56763 افراد کو منتقل کیا گیا ہے.

اس کے علاوہ بارشوں اور بھارت سے پانی چھوڑے جانے کے باعث‌دریائے ستلج اور روای میں‌مزید سیلاب کی پشین گوئی کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں‌ بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں