WhatsApp Image 2025 02 18 at 06.33.17

جاپان میں‌روزگاراور تعلیم کے لئے جاپانی زبان کے فروغ کا فیصلہ

جاپانی قونصل جنرل، معاشی محقق کی سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات؛ جاپانی زبان کی تعلیم اور تعلیمی تبادلہ پروگرامز پر تبادلہ خیال

حیدرآباد:کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل ہیٹوری مسارو نے قونصلیٹ میں تعینات معاشی محقق ڈاکٹر ماتسودا کازونوری کے ہمراہ جامعہ سندھ جامشورو کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمٰن کھوکھربٹی سے خیر سگالی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر کھوکھربٹی نے پاکستان اور جاپان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی، تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ زبان کی رکاوٹ ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی زبان پر عبور نہیں ہونے کی وجہ سے کئی پاکستانی جاپان میں ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ہچکچاتے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے تجویز دی کہ جامعہ سندھ میں جاپانی زبان کے کورسز دوبارہ شروع کیے جائیں تاکہ طلبہ جاپان میں روزگار حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارت حاصل کر سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ سندھ کے آئی ٹی اور بزنس کے طلبہ اور اساتذہ کو جاپان میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جاپانی زبان سیکھنی چاہیے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں جامعہ سندھ کے ایریاسٹڈی سنٹر میں جاپانی زبان کا پروگرام شروع کیا گیا تھا، لیکن جاپانی زبان کے اساتذہ کی کمی کی وجہ سے اسے جاری نہیں رکھا جا سکا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ جدید دور میں ایک اضافی زبان سیکھنا ناگزیر ہو چکا ہے اور طلبہ کو جاپانی، چینی یا دیگر بین الاقوامی زبانیں سیکھنی چاہئیں تاکہ وہ اپنے کیریئر کے مواقع میں اضافہ کر سکیں۔

اس موقع پر جاپانی قونصل جنرل ہیٹوری مسارو نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ یونیورسٹی کے ایریا اسٹڈی سینٹر میں جاپانی زبان کے اساتذہ فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے پاکستان اور جاپان کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

"ہم جاپان اور پاکستان کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی طلبہ کے لیے جاپان میں بے شمار مواقع موجود ہیں اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ ان سے مستفید ہو سکیں،” انہوں نے کہا۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقین نے جاپانی زبان کی تعلیم اور تعلیمی تبادلہ پروگرامز کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں