Untitled 98

بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستان بارکونسل سمیت سول سوسائٹی کی مذمت، آج احتجاج کا اعلان

نمائندگان: پاکستان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں‌اور عالمی دنیا کی معاملات کو بات چیت سے حل کرنے کی ضروت پر زور دینے کے باوجود بھارت کی جانب سے گزشتہ روز بھی کئی ڈرون حملوں‌ کی وجہ سے اشتعال انگیزی میں‌اضافہ ہوگیا.

بھارتی حملوں‌پر پاکستانی عوام بھی سیخ پا ہو کر سڑکوں‌پر نکل آئے. ملک بھر میں تاجر تنظیموں‌، سماجی تنظیموں‌، سیاسی و مذہبی رہنماؤں‌ اور وکلاء سمیت دیگر طبقوں کی جانب سے مذمت کرتے ہوئے ریلیاں‌نکالی گئیں‌اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہونے کا اعلان کیا.

بھارتی جارحیت کے خلاف وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ، اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پاکستان بار کونسل محمد یاسین آزاد نے اپنے گزشتہ روز کے بیانات کو جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے بے گناہ شہریوں پر بھارتی تشدد کی حالیہ کارروائیوں اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے.

پاکستان بار کونسل نے پاکستانی فوج، شہداء کے خاندانوں اور بزدلانہ فضائی حملوں کا نشانہ بننے والے زخمیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دیاہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قانونی برادری بے گناہ جانوں کے ضیاع، خاص طور پر خواتین اور بچوں اور پاکستان کے بے گناہ شہریوں کی مساجد اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی پر گہری تشویش میں مبتلا ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر بین الاقوامی برادری، بشمول اقوام متحدہ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور بات چیت کو آسان بنانے کی اپنی کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے دیرینہ تنازعہ کا پرامن اور منصفانہ حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستانی مسلح افواج اور شہید خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے جمعہ 09 مئی 2025ء کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، انہوں نے ملک بھر کی تمام بار ایسوسی ایشنوں سے ہڑتال کرنے، جنرل باڈی اجلاس منعقد کرنے، قراردادیں منظور کرنے اور پاک فوج کی حمایت اور بھارتی جارحیت اور بربریت کی مذمت میں جلوس نکالنے کی درخواست بھی کی ہے۔

دریں‌اثناء ملک بھر میں‌بروز جمعہ کو بھی متعدد تنظیموں‌اور سماجی حلقوں‌کی جانب سےاحتجاج کا اعلان کیا گیا ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں