اسلام آباد:وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک سے گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے درآمدی پالیسی آرڈر 2022ءمیں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے ترمیم شدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب پرسنل بیگج سکیم کے تحت گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بیرونِ ملک سے گاڑیاں صرف ٹرانسفر آف ریزیڈنس سکیم اور تحفہ سکیم کے تحت ہی درآمد کی جا سکیں گی۔
وزارتِ تجارت کے مطابق درآمد کی جانے والی گاڑی کم از کم ایک سال تک کسی دوسرے شخص کے نام پر منتقل نہیں کی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ گاڑیوں کی درآمد کے لیے مقررہ مدت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب گاڑی درآمد کرنے کی مدت 700 دن سے بڑھا کر 850 دن کر دی گئی ہے۔
ترمیم شدہ پالیسی کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر کم سے کم حفاظتی اور ماحولیاتی معیارات پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ٹرانسفر آف ریزیڈنس سکیم کے تحت درآمد کی جانے والی گاڑی اسی ملک سے ہونی چاہیے جہاں سمندر پار پاکستانی مستقل طور پر مقیم ہیں۔
