Untitled 2025 08 03T222319.456

برف کا گلیشیر ٹوٹنے سے 28 سال پہلے لاپتہ شخص کی لاش برآمد

ویب نیوز:کوہستان کے برف پوش پہاڑوں سےحیرت انگیز طور پر 28 سال پہلے لاپتہ ہونےوالے شخص کی لاش شناختی کاغذات سمیت درست حالت میں‌برآمدہو گئی.

قدرت کے قانون فطرت کے مطابق برف میں چیزیں مدتوں محفوظ رہنے کا عملی نمونہ دنیا کے سامنے آ گیا۔

نصیر الدین ولد بہرام قوم صالح خیل کی لاش 28 سال بعد لیدی پالس کے گلیشیئر سے صحیح حالت میں برآمد ہوئی ہے۔

متوفی 28 سال قبل برفانی طوفان کی نذر ہو کر لاپتہ ہو گئے تھے،متوفی کی لاش پر ویسٹ کوٹ بھی موجود تھی، اور جیب سے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس سے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔

اہل علاقہ کا بتانا ہے کہ 28 سال قبل کوہستان کے علاقے بر پالس، لیدی گلیشئر کے قریب سے نصیرالدین عرف ہجو ولد بہرام کی لاش برآمد ہوئی، جو 1997ء میں سپٹ سے واپسی کے دوران اپنے گھوڑے سمیت گلیشئر کی ایک دراڑ میں گر کر لاپتہ ہو گئے تھے۔

اس وقت کئی دنوں تک ان کی تلاش جاری رہی، مگر کوئی سراغ نہ مل سکا اور بالآخر انہیں لاپتہ قرار دے دیا گیا۔

حالیہ دنوں میں جب برف پگھلنے کا سلسلہ شروع ہوا تو مقامی چرواہوں نے گلیشیر کے کنارے انسانی باقیات دیکھی۔ قریبی لوگوں نے فوراً اطلاع دی، اور جب مقام پر پہنچ کر جائزہ لیا گیا تو وہی لاش نکلی جس کی تلاش برسوں پہلے بند ہو چکی تھی۔

حیرت انگیز طور پر نصیرالدین کی جیب میں موجود شناختی کارڈ اور دیگر سامان مکمل طور پر محفوظ حالت میں تھا، جس سے ان کی شناخت کی تصدیق ہوئی۔

مقامی افراد کے مطابق یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے پورے علاقے کو حیرت اور افسوس کی ملی جلی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایک طرف 28 برس پہلے کھوئے ہوئے پیارے کی واپسی نے خاندان کو اندرونی سکون بخشا، تو دوسری جانب ان کے بچھڑنے کا غم دوبارہ تازہ ہو گیا۔ بزرگوں کا کہنا ہے کہ وہ دن آج بھی یاد ہے جب نصیرالدین اپنے گھوڑے پر سپٹ کی طرف گیا تھا اور پھر کبھی واپس نہیں لوٹا۔

نصیرالدین کے اہلِ خانہ اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے، اور طویل صبر آزما انتظار کے بعد انہیں اپنے پیارے کی لاش دفنانے کا موقع مل گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں