WhatsApp Image 2025 03 22 at 17.02.59

دریائے جہلم سے برآمد ہونے والی نوجوان جوڑے کی لاشیں مقبوضہ کشمیر حکام کے سپرد

چکوٹھی: مقبوضہ کشمیر کے علاقے اوڑی سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ یاسر اور 20 سالہ آسیہ بانو کی لاشیں دریائے جہلم سے برآمد ہوئیں، جنہیں کمان پل چکوٹھی پر پاکستانی حکام نے بھارتی آرمی اور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، یہ المناک واقعہ نوجوان جوڑے کو سماجی طور پر درپیش مشکلات کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم مقامی حکام اور اہل خانہ نے اس حوالے سے کوئی حتمی بیان نہیں دیا۔

اطلاعات کے مطابق، دونوں نوجوانوں کی لاشیں آزاد کشمیر کے علاقے چناری اور مظفرآباد کے قریب دریائے جہلم میں تیرتی ہوئی ملی تھیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد واپس ان کے آبائی علاقے اوڑی بسگراں بھیج دیا گیا۔

چکوٹھی کمان پل پر متاثرہ خاندان کے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جو اپنے پیاروں کی لاشیں وصول کرتے ہی شدت غم سے نڈھال ہو گئے۔ ماں باپ بہن بھائیوں کی آہیں، اور رشتہ داروں کی چیخ و پکار وہاں موجود ہر فرد کی آنکھوں کو نم کر گئی۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں نوجوان کسی حادثے کا شکار ہوئے یا کسی معاشرتی دباؤ کے نتیجے میں اپنی زندگی ختم کرنے کا معاملہ تھا۔ تاہم، سوشل میڈیا پر بعض اطلاعات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ کسی ذاتی یا خاندانی دباؤ کے باعث پیش آیا۔ مقامی پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بھارتی حکام کی طرف سے بھی معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں