WhatsApp Image 2025 03 11 at 11.14.43

بلوچستان: خواتین قیدیوں کے لئے سہولیات کی بہتری کا معاہدہ

کوئٹہ: بلوچستان کی جیلوں میں خواتین قیدیوں کے لیے سہولیات کی بہتری کا معاہدہ طے پا گیا، بلوچستان کی جیلوں میں قید خواتین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے محکمہ ترقی نسواں اور جیل خانہ جات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

یہ معاہدہ صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی سربراہی میں ہوا، جس میں سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطاء اور آئی جی جیل خانہ جات ملک شجاع الدین کاسی نے شرکت کی۔

اس معاہدے کا مقصد خواتین قیدیوں کو قانونی معاونت، صحت کی سہولیات، نفسیاتی مدد اور فنی تربیت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد ایک باعزت اور خودمختار زندگی گزار سکیں۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی کا کہنا تھا کہ جیلوں میں قید خواتین کو بنیادی حقوق اور سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شراکت داری کے تحت بلوچستان کی تمام جیلوں میں خواتین قیدیوں کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے، جن میں ذہنی صحت، قانونی معاونت، اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع شامل ہوں گے۔

اس اقدام کو خواتین قیدیوں‌کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو ان کے معیار زندگی اور سہولیات کو بہتر بنانے میں‌معاون ثابت ہو گا.

اپنا تبصرہ لکھیں