لاہور:سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس اور نجی تنظیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی.آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے بانی سی ای او غازی تیمور نے ایم او یو پر دستخط کیے.
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےاس موقع پر کہا کہ نجی تنظیم "لاہور کا راوی” پنجاب پولیس کی قدیم عمارات کی تاریخی و ثقافتی حیثیت اجاگر کرے گی،پراجیکٹ”تحفظ تاریخ”کا آغاز لاہور سے ہوگا،دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا،شہریوں کو تفریحی و مطالعاتی ٹورز، سرگرمیوں کے ذریعے پنجاب پولیس کی عمارتوں کی تاریخ اور جڑی روایات بارے آگاہی فراہم کی جائےگی۔نجی تنظیم پنجاب پولیس کے اشتراک سے پولیس کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے اقدامات کرے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب کے تھانوں،عمارات کی تاریخ صدیوں پرانی،عہد ساز روایات و داستانیں وابستہ ہیں، تنظیم اندرون لاہور کے تھانوں کی تاریخی حیثیت اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بس ٹورز کا اہتمام کرے گی۔راولپنڈی،ملتان،فیصل آباد سمیت دیگر شہروں،متعلقہ تحصیلوں میں بھی تاریخی اہمیت کے تھانوں کی نشاندہی و خوبصورتی اجاگر کی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلے مزید کم کرنا،پولیس سروسز سے بہتر آگاہی فراہم کرنا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر،اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت، اے آئی جی ڈسپلن عمارہ اطہر،اے ایس پی ڈیفنس سرکل شہر بانو موقع پر موجودتھیں۔