ویب نیوز: بھارت نے ایشیاء کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 128 رنز کا ہدف 15.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں سوریا کمار یادیو47 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ابھیشیک شرما اور تلک ورما نے 31 ، 31 رنز کی اننگ کھلی۔ پاکستان کی جانب سے تین وکٹوں صائم ایوب نے حاصل کیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے جس میں صاحبزادہ فرحان 40 جبکہ شاہین شاہ آفریدی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ان کے علاوہ فخر زمان نے 17 ، فہیم اشرف نے 11 اور سفیان مقیم نے 10 رنز بنائے ۔ صائم ایوب صفر، محمد حارث تین، سلمان آغا تین، حسن نواز نے 5 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل نے 4 اوورز میں 12 رنز دے کر 2 شکار کیے جبکہ کلدیپ یادیو نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں اور بُمراہ نے 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے، پچ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے ۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث، فخر زمان، سلمان آغا، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، ابرار احمد شامل ہیں۔بھارت کی پلیئنگ الیون میں ابھیشیک شرما، شبھمن گل، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، سنجو سیمسن ، شیوم دوبے، ہردیک پاندیا، اشر پٹیل ، کلدیپ یادیو ، ورن چکروتی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔
ایشیاکپ کے پاک بھارت ٹاکرے کیلئے دبئی پولیس کی ایونٹ سکیورٹی کمیٹی نے کرکٹ فینز کیلئے سخت وارننگ جاری کردی ہے۔اسٹیڈیم میں تشدد، بدزبانی،یا نسل پرستی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی،بدتمیزی یا جھگڑا کرنے والے کو ایک سے تین ماہ قید اور دس سے تیس درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دبئی پولیس کاکہنا ہےکہ اسٹیڈیم میں تشدد،بدزبانی یا نسل پرستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، کسی نےاسٹیڈیم میں بدتمیزی یاجھگڑا کیا تو ایک سے3ماہ قید ہوسکتی ہے،10سے30ہزار درہم جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑےگا۔دبئی پولیس نےکرکٹ شائقین کو ہدایت کی ہےکہ کھیل کےدوران مثبت اورمہذب رویہ اپنائیں،ماحول پرامن اورشائقین کی حفاظت یقینی بنائی جائےگی،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائےگی۔
پنجاب کے مختلف سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں بھی پاک بھارت میچ براہ راست دکھایا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف سیلاب متاثرین کی تصاویر ٹوئٹ کیں اور بتایاکہ باقرپور بہاولپور میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم ریلیف کیمپ میں پاک بھارت میچ براہ راست دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے بچوں کے چہروں پر خوشی لانے کے لیے راجن پور کے فلڈ ریلیف کیمپ میں پاکستان بھارت ایشیا کپ میچ کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ خوشگوار اور پُرمسرت ماحول کیلئے خاص انتظامات کیے گئے تاکہ بچے کچھ وقت کے لیے اپنی مشکلات کو بھول کر میچ کا جوش و خروش محسوس کر سکیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلع لودھراں کے بھی فلڈ ریلیف کیمپ کی ویڈیو شیئر کی جس میں متاثرین پاک بھارت میچ براہ راست دیکھتے نظر آ رہے ہیں۔
تاہم میچ میںبری طرح شکست کے بعد پوری قوم کی طرح سیلاب متاثرین کی مایوسی میںاضافہ ہو گیا اور اپنے بے گھر ہونے کے ساتھ پاکستان کے ہارنے کا غم بھی ان کے دکھوں میںاضافہ ہو گیا.