Untitled 2025 06 22T232133.356

سرائیکی وسیب کا مطالبہ؛ صوبائی خودمختاری اور نظامی استحصال کا خاتمہ

ملتان:سرائیکی وسیب کے رہنماؤں‌نے پنجاب کی استحصالی پالیسیوں، پنجاب کے بجٹ 2025–26 میں سرائیکی وسیب کے ساتھ روا رکھے گئے امتیازی سلوک کی شدید مذمت کی اور علیحدہ سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔ اعلامیے میں عشروں سے جاری معاشی استحصال، ثقافتی مٹاؤ اور سیاسی بے دخلی کو پنجاب کے “اندرونی نوآبادیاتی نظام” کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔

سرائیکی وسیب کےاکٹھ جس میں طلباء، صحافی، وکلاء، دانشور، فنکار اور کارکنان شامل تھے — نے سرائیکی لوک سانجھ کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار میں شرکت کی اور ایک اعلامیہ جاری کیا۔
Untitled 2025 06 22T232141.432
سیمینار کے پہلے ایجنڈے ‘سرائیکی صوبہ اور بجٹ’ میں کامران کھوسہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مریم نواز کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کمزور کرکے اور شفاف بجٹ ٹریکنگ میکانزم کو ختم کرکے ماضی کے نیم خودمختار اقدامات کو منسوخ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق اگر سرائیکی صوبہ قائم ہوتا تو این ایف سی شیئر میں اس کا جائز حصہ 1494 ارب روپے بنتا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں مختص 35 فیصد ‘رنگ فینسڈ’ حصہ کم کیے جانے سے سرائیکی وسیب مزید پسماندگی کا شکار ہوگا۔

سرائیکی لوک سانجھ کے صدر اکرم میرانی نے دیگر محکوم اقوام کے ساتھ یکجہتی پر مبنی مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ جابرانہ نظام پُرامن تحریکوں کو طاقت کے زور پر کچل رہا ہے۔ میرانی نےمزید کہا کہ متوازن فیڈریشن اور حقیقی اختیارات کی منتقلی کے لیے ہمیں پنجاب کی بالادستی کے خلاف متحد ہونا ہوگا — سرائیکی صوبہ پاکستان میں مرکزیت کے خاتمے اور ترقی کا نشان بنے گا۔

سرائیکی دانشور اور ماہر لسانیات ڈاکٹر احسن واگھا نے سرائیکی زبان کی گرامر اور پاکستان کی مقامی زبانوں کے خزانے پر روشنی ڈالتے ہوئے مادری زبان میں تعلیم کے بنیادی انسانی حق کی بحالی پر زور دیا۔ ڈاکٹر واگھا کے مطابق مادری زبان میں تعلیم طلباء کے لیے سیکھنے کے مسائل اور اخراجات کو کم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
Untitled 2025 06 22T232124.288
پروفیسر مشتاق گادی نے ریاست بہاولپور اور دریائے ستلج سے اس کے تعلق کا ذکر کیا جو اسے انڈس واٹر ٹریٹی (IWT) کے بعد کھو بیٹھا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے پانی سے متعلق مسائل کو تسلیم کیا جائے، کیونکہ ان کے حل کے بغیر علاقے کی بقا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق انڈس واٹر ٹریٹی اور اس کے بعد شروع ہونے والی آبپاشی اسکیموں کا سب سے بڑا فائدہ وسطی پنجاب کو حاصل ہوا۔

فضل لُنڈ، مظہر نواز خان اور دیگر مقررین نے بجٹ میں سرائیکیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو اجاگر کیا اور پنجاب حکومت کی اس بربریت کے خلاف احتجاج کی کال دی۔

سیمینار کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں مطالبات پیش کیے گئے کہ پاکستانی فیڈریشن کو مضبوط بنانے کے لیے مرکزی پنجاب کے کردار کو محدود کیا جائے۔ سرائیکی علاقے کے ساتھ تاریخی اور موجودہ معاشی ناانصافیوں کے ازالے کے لیے علیحدہ سرائیکی صوبہ قائم کیا جائے۔ تمام زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دیا جائے اور مادری زبان میں تعلیم کا حق تسلیم کیا جائے۔بہاولپور ریجن کی پانی کی ضروریات کو ترجیح دی جائے اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ آبی مذاکرات میں دریائے ستلج کے حق کو دوبارہ حاصل کیا جائے۔سرائیکی قوم اور دیگر محکوم اقوام مثلاً سندھی اور پشتون کے درمیان مؤثر اتحاد کی بحالی کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں