IMG 8702 1

ملالہ یوسفزئی کا پاکستان کے تعلیمی بجٹ میں‌کٹوتی پر تشویش کا اظہار

ویب نیوز: ملالہ فنڈ نے پاکستان کی حکومت پر زور دیاہے کہ وہ تمام لڑکیوں کے لیے معیاری تعلیم میں سرمایہ کاری میں اضافہ کرے۔

ملالہ فنڈ نے مالی سال 2025-26 کے لیے پاکستان کے وفاقی تعلیمی بجٹ میں کٹوتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ یہ فیصلہ ان چھ ملین لڑکیوں کے لیے تعلیم کے دروازے کھولنے کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا جو اس وقت ثانوی تعلیم سے محروم ہیں۔
Untitled 2025 06 13T205055.064
جاری بیان میں‌کہا گیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں بنیادی اور اعلیٰ تعلیم سمیت تعلیم کے لیے مجموعی طور پر مختص رقم 103.8 ارب روپے (مالی سال 2024-25) سے کم ہو کر نئے بجٹ میں 58 ارب روپے کر دی گئی ہے، یعنی 44 فیصد کمی۔ اگرچہ صوبائی تعلیمی بجٹ ابھی جاری نہیں ہوئے، لیکن وفاقی بجٹ تعلیم پر جی ڈی پی کے 4 فیصد عالمی معیار کو حاصل کرنے سے ملک کو بہت پیچھے رکھتا ہے۔

ملالہ فنڈ کی شریک بانی،ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ مجھے افسوس ہے کہ وفاقی بجٹ لڑکیوں کے مستقبل میں خاطرخواہ سرمایہ کاری نہیں کرتا۔ میں ان چھ ملین پاکستانی لڑکیوں کے بارے میں فکرمند ہوں جو ابھی تک ثانوی تعلیم حاصل نہیں کر سکیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو تعلیم کی کمی کی اس روش کو ختم کرنا ہوگا اور ہر لڑکی کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کا پختہ عزم کرنا ہوگا۔

اگرچہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2024 کو "تعلیم ایمرجنسی قرار دیا اور تعلیم کے بجٹ کو پانچ سال میں جی ڈی پی کے 1.7 فیصد سے بڑھا کر 4 فیصد کرنے کا عزم ظاہر کیا، لیکن ٹاسک فورس میں تاخیر اور عملی پیش رفت میں جمود نے ان اہداف کے حصول کے لیے سیاسی سنجیدگی پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔

بڑھتے ہوئے عدم تحفظ اور تباہ کن قرضوں کے ماحول میں تعلیم پر کٹوتیاں ملکی استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کے نصف سے زائد قومی بجٹ کا حصہ صرف قرضوں اور سود کی ادائیگیوں پر خرچ ہوا، جبکہ تعلیم پر صرف جی ڈی پی کا 2 فیصد بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ تعلیم میں مستقل کمی کی وجہ سے لڑکیاں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے سے محروم ہیں: موجودہ وقت میں صرف 24 فیصد خواتین افرادی قوت کا حصہ ہیں، جس سے ملک کھربوں روپے کی پیداواری صلاحیت سے محروم ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ تعلیم دیرپا امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ملالہ فنڈ نے اپنی نئی پانچ سالہ حکمت عملی میں پاکستان میں لڑکیوں کے لیے نظام میں تبدیلی لانے کے عزم کو دگنا کر دیا ہے۔ گزشتہ دہائی میں پاکستان میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے تجربے کو بنیاد بناتے ہوئے، تنظیم مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر لڑکیوں کے تعلیم کے حق کے تحفظ اور وسائل تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، جیسے کہ حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں میں لڑکیوں کی ثانوی تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے فنڈنگ یقینی بنانا۔دیہی علاقوں میں خواتین اساتذہ کی بھرتی کے لیے حکومت کی کوششوں میں اضافہ۔دیہی علاقوں میں خاندانوں کے لیے لڑکیوں کی ثانوی تعلیم کے اخراجات کم کرنے کے لیے پالیسیوں کی وکالت۔

ملالہ کاکہنا ہے کہ تاہم، ہر لڑکی کو بارہ سالہ تعلیم مکمل کرنے کے خواب کی تعبیر سیاسی عزم اور عملی اقدامات پر منحصر ہے — پائیدار تبدیلی صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب لڑکیوں کی تعلیم کے لیے عوامی فنڈنگ کو مضبوط بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں