لاہور:پنجاب بار کونسل نےبار ووکیشنل کورس نہیں کرانے والی بار ایسوسی ایشنز کے خلاف سخت نوٹس لیتے ہوئےقراردیاکہ ڈسٹرکٹ وتحصیل بار ایسوسی ایشن کے صدر یا سیکرٹری کو بار ووکیشنل کورس نہیں کرانے پر معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پنجاب بار کونسل نے ان تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے صدور اور سیکرٹریز کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جو بار ووکیشنل کورس (BVC) منعقد کروانے میں ناکام رہے۔
بار کونسل کے مطابق، متعدد نوٹسز (01-08-2023، 02-09-2023، 15-08-2024، 07-12-2024) کے باوجود بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے کورس کا انعقاد نہیں کروایا گیا، جو کہ سپریم کورٹ کے فیصلے (PLJ 2018 SC 815) کی خلاف ورزی ہے۔اس فیصلے میں وکالت کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے بار ووکیشنل کورس کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔
پنجاب بار کونسل کے سیکرٹری کی جانب سےجاری کردہ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر دو ہفتوں کے اندر اندر بار ووکیشنل کورس کا انعقاد شروع نہیں کیا گیا اور اس کی اطلاع بار کونسل کو نہیں دی گئی تو متعلقہ عہدیداروں کو معطل کر دیا جائے گا۔
مزید برآں، کورس مکمل ہونے کے بعد شرکت کے ریکارڈ، دستخط شدہ حاضری شیٹس، لیکچرز کی تفصیلات، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر دستاویزات بار کونسل میں جمع کروانا لازمی ہوگا۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 01-03-2025 کے بعد بغیر BVC سرٹیفکیٹ کے کسی کو وکالت کا لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی امیدوار اکتوبر 2022 کے بعد بغیر BVC لائسنس حاصل کرتا ہے تو اسے غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
پنجاب بار کونسل نے واضح کیا کہ بار ووکیشنل کورس کے قواعد و ضوابط اور نصاب کی کاپیاں متعلقہ بار ایسوسی ایشنز کو بھیجی جا رہی ہیں تاکہ وہ اس پر فوری عملدرآمد کریں۔