خیرپور:شاہ عبداللطیف یونیورسٹی (SALU) خیرپور کی سنڈیکیٹ کے فیصلوں اور انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں یونیورسٹی انتظامیہ نے ایل ایل بی 3 سالہ اور 5 سالہ پروگرامز کے 1184 امیدواروں کے تعلیمی ریکارڈ، ڈگریوں اور تمام متعلقہ دستاویزات کو غیر قانونی اور سرے سے باطل (Void ab initio) قرار دے کر منسوخ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں رجسٹرار آفس کی جانب سے نوٹیفکیشن نمبر NO.ADMN/SALU/KHP/-2571 مورخہ 16 اکتوبر 2026ء جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنڈیکیٹ کے 11 اپریل 2026ء کو منعقدہ 92ویں اجلاس میں پاس کردہ قرار داد نمبر 04 اور 05 کے تحت تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی نے ایل ایل بی 3 سالہ پروگرام (سال 2016، 2017 اور 2018) اور ایل ایل بی 5 سالہ پروگرام (بیچ 2017) کے امتحانی ریکارڈ کی چھان بین کی۔ کمیٹی نے یونیورسٹی کے آفیشل ریکارڈ اور متعلقہ الحاق شدہ لا کالجز کی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چھان بین کے دوران انکوائری کمیٹی نے بعض تعلیمی ریکارڈز کی نشاندہی کی جنہیں قانونی اختیار کے بغیر امتحانی ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ عدل و انصاف (Natural Justice) کے اصولوں کے تحت 07 جولائی 2026ء کو یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور قومی اخبارات کے ذریعے فائنل پبلک نوٹس (Circular No. ADMN/SALU/KHP/-1660) شائع کیا گیا، جس میں متعلقہ امیدواروں کو 15 دن کے اندر اپنے تعلیمی ریکارڈز کے قانونی ہونے کا تحریری ثبوت پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
امیدواروں اور الحاق شدہ کالجز کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور دستاویزات کے تفصیلی معائنے کے بعد انکوائری کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی کہ زیرِ بحث ریکارڈز یونیورسٹی کے قانونی تعلیمی ریکارڈ کا حصہ نہیں ہیں۔
اس لئے انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر کل 1184 امیدواروں کا تعلیمی ریکارڈ منسوخ کیا گیا ہے، جس میں ایل ایل بی (3 سالہ پروگرام) کے 658 امیدوار اور ایل ایل بی (5 سالہ پروگرام) کے 526 امیدوار شامل ہیں.
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان غیر مجاز ریکارڈز کی بنیاد پر تیار یا حاصل کردہ کوئی بھی امتحانی نتیجہ (Result)، ٹرانسکرپٹ (Transcript)، پروویژنل سرٹیفکیٹ (Provisional Certificate)، ڈگری سرٹیفکیٹ یا دیگر تعلیمی دستاویزات مکمل طور پر کالعدم اور نااہل شمار ہوں گی، اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور انہیں بطور قانونی دستاویز تسلیم نہیں کرے گی۔
مجاز اتھارٹی (Competent Authority) کے حکم سے جاری کیے گئے اس نوٹیفکیشن کی کاپیاں وائس چانسلر کے سیکرٹری، کنٹرولر امتحانات، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اسلام آباد، پاکستان بار کونسل، سندھ بار کونسل، پنجاب بار کونسل، خیبر پختونخوا بار کونسل، بلوچستان بار کونسل، متعلقہ لا کالجز کے پرنسپلز اور آئی ٹی منیجر (ویب سائٹ پر اشاعت کے لیے) کو ضروری کارروائی اور اطلاع کے لیے بھجوا دی گئی ہیں۔
