کراچی: شہر قائد کے علاقے احسن آباد میں فلیٹ سے ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو گھر کے کفیل تھے۔ پانچوں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق احسن آباد کے علاقے سے ملنے والی پانچوں لاشیں کئی روز پرانی ہیں اور ساتویں منزل پر واقع فلیٹ کے ایک کمرے سے ملی ہیں۔ فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر پولیس نے خودکشی کے امکان کو بھی مدنظر رکھا ہے تاہم حتمی وجہ تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہو گی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ڈاکٹر عمر کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
جس کے مطابق ڈاکٹر عمر جگر کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور وہ جس ہسپتال میں نوکری کرتے تھے وہاں سے ایک ماہ قبل استعفیٰ دے چکے تھے۔
