ویب نیوز: دبئی میں لائف سٹائل کو مزید بہتر کرنے کیلئے نائب وزیراعظم حمدان بن محمد نے اگلے سال ایئر ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں حمدان بن محمد المکتوم نے کہا کہ آج پہلی بار ایئر ٹیکسی نے عملے کے ساتھ پرواز بھری جو باقاعدہ سروس شروع کرنے سے پہلے آخری آزمائشی پرواز تھی۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہلا ورٹی پورٹ زیر تعمیرہے۔
نائب وزیراعظم حمدان بن محمد نے مزید کہا کہ ائیر ٹیکسی سروس شروع کرکے دبئی کو پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے زیادہ موزوں بنا رہے ہیں۔
قبل ازیں دبئی میں اڑنے والی ٹیکسی کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔دبئی اور العین کے درمیان صحرائی علاقے مرغم سے ائیر ٹیکسی نے اُڑان بھری اور اس نے دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ تک پرواز مکمل کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ائیر ٹیکسی 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرے گی جس میں 4 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جب کہ یہ الیکٹرک ائیر ٹیکسی ماحول دوست ہے جو شور بھی کم کرے گی۔
حکام کے مطابق شہری علاقوں میں ائیر ٹیکسی کی مزید تجرباتی پروازوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، اسکائی پورٹس کمپنی پہلا ائیر ٹیکسی اسٹیشن بنا رہی ہے جو دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب ہوگا۔
