WhatsApp Image 2025 01 13 at 04.41.19

سرائیکی وسیب کی خواتین استحصال کا شکار:سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی

وسیب کی محنت کش خواتین دہرے استحصال کا شکار ہیں۔حوا کی بیٹی وزیرا علیٰ مریم نوازشریف نے حوا کی بیٹیوں کو سڑکوں پر بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔سینکڑوں ڈینگی ہیلتھ ورکرز خواتین مسلسل سڑکوں پر بیٹھی ہیں، معاملہ فوری حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی شعبہ خواتین رافیہ ملک، دعا نایاب، مہوش ملک، نادرہ نور ایڈووکیٹ، ریحانہ گلزار، زینب ملک، بشریٰ ملک، سائرہ ملک، اُم ایمن، عروشنہ فاطمہ، قرۃ العین، مسز جعفری اور رضیہ بی بی نے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے استحصال میں شامل افراد کسی صورت حکومتی نشستوں پر بیٹھنے کے قابل نہیں ہیں کہ سرائیکی وسیب کی خواتین بد ترین استحصال کاشکار ہیں،جس کی زندہ مثال ڈینگی ہیلتھ ورکرز اپنے حقوق کی خاطر کئی دنوں سے سڑکوں پر دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں اور کوئی منتخب ایم این اے، ایم پی اے ان کا حال تک پوچھنے کیلئے نہیں آیا۔ ایسے بیمار معاشرے میں خواتین کسی صورت ترقی نہیں کر سکتیں کہ عورت کی تخلیق میں ہی کائنات کا راز پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عورت کسی بھی قوم اور معاشرے کا سب سے نمایاں جز وہوتی ہے۔عورت کسی بھی طور مرد سے کمتر نہیں۔ پوری دنیا میں عورت اب مرد کے شانہ بشانہ چل رہی ہے۔ پاکستانی عورت بھی پہلے کی نسبت زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ ایک گھر، خاندان اور ایک معاشرے کا توازن صرف اور صرف ایک عورت ہی برقرار رکھ سکتی ہے۔نسل در نسل اور پھر نسلوں کی تربیت صرف عورت نے ہی کی ہے۔ خواتین نے کہا کہ اسلام میں عورت کے حقوق کو مرد کے مساوی رکھا گیا ہے۔ کتنے شرم کی بات ہے کہ حوا کی بیٹیاں سڑکوں پر دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں اور حوا کی بیٹی ہی حوا کی بیٹی کا احساس نہیں کر رہی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو خواتین کے استحصال کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گےتا کہ خواتین سڑکوں پر نہیں گھروں اوراداروں میں محفوظ اور پرسکون زندگی گزارسکیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں