ملتان: یوایس قونصلیٹ جنرل لاہور کے پولیٹیکل آفیسر اور اسسٹنٹ نے ایوان تجارت و صنعت ملتا ن کا دورہ کیا، ممبران سے ملاقات کے دوران خطہ کی معاشی ترقی،زراعت،آئی ٹی پارک اور دیگر شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا.
ملاقات میںامریکی چیمبر،یو ایس ایڈ پروگرام کے تحت خطہ کی معاشی ترقی اور کاروباری بہتری کے لیے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا.
اس سلسلہ میں امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور آفس کے پولیٹیکل آفیسر نکھل لکھن پال اور اسسٹنٹ پولیٹیکل آفیسر دائم فاضل نے اپنے دورہ ملتان کے موقع پر ایوان تجارت و صنعت ملتان کے سینیئر نائب صدر خواجہ محسن مسعودسے ملاقات کی. اس موقع پر نائب صدر اظہر جاوید بلوچ،سابق صدور میاں راشد اقبال،خواجہ محمد حسین،خواجہ سہیل طفیل، ایگزیکٹو ممبر شیخ ظفر حسین،اسسٹنٹ سیکرٹری ساجد انصاری موجود تھے.
ملاقات میں خطہ کی معاشی ترقی امریکہ سے باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ اور جنوبی پنجاب میں یوا یس ایڈ منصوبوں پر بات چیت کرتے ہوئے خواجہ محسن مسعود نے ایوان تجارت و صنعت کی تاریخ اور اقدامات،خطہ کی مصنوعات زراعت کو اجاگر کیا اور فوڈ سیکٹر ایکسپورٹ کی ضرورت پر زور دیا.
قونصلیٹ جنرل نکھل لکھن پال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطہ جنوبی پنجاب کی معاشی سماجی ترقی کے لیے امریکی تعاون جاری ہے.یو ایس ایڈ کے زریعے جنوبی پنجاب میں متعدد منصوبے مکمل ہوئے، مستقبل میں بھی ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے. اس کےلئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانے اور خطہ میں معاشی سرگرمیوں سماجی فلاحی خدمات کو فروغ دینے کے لیے یو ایس ایڈ، امریکہ چیمبر آف کامرس اور ملتان چیمبر آف کامرس مل کر کام کریں گے.
اظہر جاوید،خواجہ محمد حسین،میاں راشد اقبال نے ملتان میں آئی ٹی پارک کے قیام کے بارے میں بات چیت کی اور اس سلسلہ میں ملتان ایوان کی کوششوں کا ذکر کیا اور خطہ کے لیے آئی ٹی پارک کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کو ایوان کا نشان بھی پیش کیا گیا۔