لاہور:خواتین کے تحفظ کے لیے ایک نئی ہیلپ لائن کا باقاعدہ افتتاح پروقار تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں پنجاب کےپراسیکیوٹر جنرل سید فرحاد علی شاہ، ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ، برطانوی سفارت خانے کے نمائندگان، سول سوسائٹی اور میڈیا کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
سید فرحاد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کی عزت، وقار اور قانونی حقوق کا تحفظ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس نئی ہیلپ لائن کے ذریعے خواتین کو فوری قانونی، نفسیاتی اور ادارہ جاتی معاونت حاصل ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن سروس خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات میں جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ ہیلپ لائن خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گی اور انہیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی۔
برطانوی سفارت خانے کے نمائندوں نے بھی خواتین کے تحفظ کے حوالے سے اپنے تعاون کا اعادہ کیا اور اس اقدام کو سراہا۔
تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور شرکاء کے لیے تعریفی اسناد کی تقسیم پر ہوا۔