وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ سودی لین دین چاہے بینکنگ کی صورت میں ہو یا تجارتی و کاروباری حرام ہے معاشرے میں کاروبار زندگی سے وابستہ افراد اسلامی نظام معیشت کی بنیاد پر کاروبار کریں ترقی و خوشحالی مقدر بنے گی ۔ قاری محمد حنیف جالندھری نے مزید کہا کہ سودی لین دین کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے، اسی لئے سودی نظام سے نجات کے لیے ہم سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ سود اتنا بڑا گناہ ہے کہ سود کا کاروبار کرنا اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے ،اسی لئے ہمیں اپنی حقیقی معنوں میں اصلاح کرنی ہوگی اور تعلیمات محمدی پر عمل پیرا ہونا ہوگا تب ہی سود جیسی لعنت سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ خیر المدارس ملتان کے اشتراک سے تاجران ختم نبوت روڈ اور ختم نبوت چوک ملتان کے زیر اہتمام ٹی ہاؤس میں تاجران کے تربیتی کنونشن میں بعنوان اسلامی اصول تجارت سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔
قبل ازیں خطاب کرتےہوئے سابق وفاقی وزیر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے کہا کہ اسلامی معاشی انقلاب کی ضرورت ہے ماہرین معیشت اسلامی اصولوں کے مطابق تجارت کے فروغ کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ اسلام نظام معیشت کی بنیاد دیانتداری کھرا پن اور شرافت ہے۔ مجلس احرار اسلام کے مرکزی امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ تاجر باشعور طبقہ ہے کھوٹے کھرے کی پہچان رکھتے ہیں اسی لیے اسلامی اصولوں کے مطابق مالی معاملات کو فروغ دیں ۔مرکزی جمیعت اہلحدیث کے رہنما مولانا عبدالرحیم گجر نے کہا کہ سود معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے روزانہ کئی گھر اجڑ رہے ہیں سود کے خلاف تاجر بھی اٹھ کھڑے ہوں۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ 80 فیصد بینکنگ نظام سودی ہے تو 20 فیصد اسلامی بینکنگ نظام میں بھی خرابیاں ہیں تاجر برادری علماء کرام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ سود جیسی موذی لعنت سے نجات حاصل ہو تاجر برادری میں کالی بھیرے بھی موجود ہیں جنہیں اپنی اصلاح کرنی چاہیے اور حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ سودی نظام سے چھٹکارا کے لیے نیک نیتی سے کردار ادا کرے ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ 90 فیصد شعبہ ہائے زندگی سے تاجر وابستہ ہیں اگر وہ سودی لعنت سے دور رہیں گے اور حلال لقمہ بچوں کو کھلائیں گے تو معاشرے میں بہتری آئے گی ۔مرکزی تنظیم تاجران جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر، انجمن تاجران المکہ پلازہ ختم نبوت روڈ کے صدر رانا ہاشم علی،سیاسی و سماجی شخصیت ملک طاہر ڈوگر،خالد محمود قریشی نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے سودی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے تاجر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ہم اسلامی ملک میں رہتے ہیں تو اسلامی اصولوں کے مطابق ہی تاجر برادری کاروبار زندگی کو اپنائے گی ۔ نقابت کے فرائض محمد فرحان الحق حقانی نے سر انجام دیئے جبکہ تلاوت پاک کی سعادت مولانا محمد ثانی حسنین الحق،ہدیہ نعت حافظ محمد صدر رضا سعیدی نے پیش کیا ۔سیمینار سے پروفیسر سید صبیح الحسن ہمدانی، مولانا محمد احمد حنیف جالندھری، مولانا محمد ایاز الحق قاسمی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ظفر صدیقی، مرزا نعیم بیگ،حاجی ندیم قریشی،محمد کاشف رفیق،راؤ لیاقت علی،خواجہ محمد فاروق،راجہ مدثر،شیخ غلام مرتضیٰ،خواجہ انیس الرحمٰن،محمد ندیم شیخ،حاجی عبدالغفور،شیخ محمد الطاف،ملک کامران بھٹہ،شیخ محمد فیصل محمود،خواجہ عمران صدیقی،حاجی اسلم قریشی و دیگر شریک تھے۔