کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس کے 3 مقدمات میں بری کر دیا۔ٹڈاپ کرپشن کیس کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کراچی میں ہوئی، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔
ٹڈاپ کرپشن کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور جج وفاقی انسداد کرپشن عدالت کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
جج نے دوران سماعت یوسف رضا گیلانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کے خلاف 3 مقدمات کا فیصلہ ہے، جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا جی پتا ہے۔
دوران سماعت عدالت نے یوسف رضا گیلانی سے استفسار کیا آپ کس جیل میں جانا چاہیں گے، کراچی، ملتان یا اسلام آباد، جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا مجھے جیل سے کوئی ڈر نہیں، ہمارے لیے جیل نئی بات نہیں ہے، چاہیں تو مجھے پھانسی دے دیں، چیئرمین سینیٹ کے جواب پر اینٹی کرپشن عدالت کے جج مسکرا دیئے۔
عدالت نے سوال کیا آپ کو گھر کی جیل کیوں پسند نہیں؟ جس پر یوسف رضا گیلانی نے کہا میرا آبائی گھر ملتان ہے، فیملی لاہور اور سینیٹ آفس اسلام آباد ہے۔
بعد ازاں وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے جج نے کہا گیلانی صاحب، آپ پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، لہذا آپ باعزت بری ہیں جبکہ آپ کے خلاف بیان دینے والے اب اس کیس میں ملزم بن گئے ہیں۔
فاضل عدالت نے ٹڈاپ کرپشن سیکنڈل کے تینوں مقدمات میں سید یوسف رضا گیلانی کو بری کر دیا.