762ca1f4 4f81 4fb2 aa41 62d2bcd6ae3f

سندھ میں "اسٹرییکڈ ویور” پرندہ: حیاتیاتی تنوع اور زرعی استحکام کا ضامن

عدنان کھتری

سندھ کے مختلف علاقوں میں پایا جانے والا "اسٹرییکڈ ویور” پرندہ حیاتیاتی تنوع اور زرعی استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ پرندہ اپنی خوراک اور گھونسلے بنانے کی عادات کی وجہ سے زراعت اور ماحولیاتی نظام کو مثبت اثرات پہنچاتا ہے۔

اس پرندے کی خوراک میں بیج اور دانے شامل ہیں، لیکن خاص طور پر افزائش کے موسم میں یہ کیڑے مکوڑوں کو اپنی خوراک کا اہم حصہ بناتا ہے تاکہ اپنے بچوں کے لیے پروٹین سے بھرپور غذا فراہم کرسکے۔ "اسٹرییکڈ ویور” زراعت کے دشمن کیڑوں جیسے "ایفڈز”، "کیٹرپِلرز”، اور "بیٹلز” کا شکار کرتا ہے، جس سے قدرتی طور پر فصلوں کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکتا ہے۔

یہ پرندہ نایاب نہیں ہے لیکن مخصوص رہائش گاہوں میں پایا جاتا ہے، جو زیادہ تر wetlands (آبی علاقے)، دلدلی علاقے، اور کھیتوں میں بلند گھاس اور سرکنڈوں پر مشتمل ہیں۔ سندھ میں اس پرندے کی موجودگی دریائے سندھ کے کنارے کے سیلابی علاقوں، منچھر جھیل (دادو)، کینجھر جھیل، ہالیجی جھیل (ٹھٹھہ) اور لاڑکانہ و شکارپور کے چاول کے کھیتوں کے دلدلی علاقوں میں دیکھی گئی ہے۔

یہ پرندہ بیج کھانے کے دوران انہیں مختلف جگہوں پر منتقل کرتا ہے۔ بیج پرندے کے نظامِ ہضم سے گزرنے کے بعد یا خوراک کھاتے وقت زمین پر گر کر اگنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے wetlands اور کھیتوں میں مقامی نباتات کی افزائش ہوتی ہے۔

"اسٹرییکڈ ویور” کیڑے مکوڑوں کی آبادی کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاکہ کوئی ایک قسم کا کیڑا پورے ماحولیاتی نظام پر حاوی نہ ہو جائے۔ یہ توازن زراعت اور قدرتی نباتات کو نقصان سے بچاتا ہے اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن بناتا ہے۔

"اسٹرییکڈ ویور” قدرتی طور پر کیڑوں کو قابو میں رکھنے اور بیجوں کی منتقلی کے ذریعے حیاتیاتی تنوع، بہتر فصلوں اور مضبوط ماحولیاتی نظام کو فروغ دیتا ہے۔ ان فوائد کو جاری رکھنے کے لیے ان کے رہائشی علاقوں کا تحفظ اور زراعت میں نقصان دہ کیمیکل کے استعمال کو کم کرنا نہایت ضروری ہے۔

مزید تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق، wetlands اور دلدلی علاقوں میں پانی کی کمی اور زراعت کے روایتی طریقوں میں تبدیلی سے "اسٹرییکڈ ویور” کی آبادی متاثر ہو رہی ہے۔ تحفظاتی اقدامات کے بغیر یہ پرندہ قدرتی ماحولیاتی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت کھو سکتا ہے۔

یہ پرندہ سندھ کے زرعی اور ماحولیاتی نظام کے لیے ایک قیمتی خزانہ ہے، جسے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
6b49d2f5 6a60 4fce 846d 4cb1e62b8e85
عدنان کھتری بنیادی طورپرٹنڈومحمد خان (سندھ) سے تعلق رکھتےہیں،طویل عرصہ سے شعبہ صحافت اور وکالت سے منسلک ہونےکے ساتھ ماحولیات اور اہم موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں