sutlej riverr

پنجاب بھر میں دریاؤں کی صورتحال تشویشناک، موٹر وے بند ہونے کا خدشہ

نمائندگان: دریائے راوی، چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے۔ این ڈی ایم اے نے مختلف شہروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

پنجاب بھر میں دریاؤں کی صورتحال تشویشناک ہو گئی ۔این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں قادرآباد پر 9 لاکھ ایک ہزار اور خانکی پر 8 لاکھ 59 ہزار کیوسک پانی کا شدید بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے گجرات، حافظ آباد، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ اور جھنگ متاثر ہو سکتے ہیں۔

دریائے راوی میں جسر کے مقام پر ایک لاکھ 39 ہزار کیوسک کا ریلا شاہدرہ پہنچتے ہوئے ایک لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کر گیا ، جس سے لاہور کے کوٹ منڈو، فیصل پارک، عزیز کالونی اور نارووال کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ضلع شیخوپورہ میں دھمیکی اور ڈکا، خانیوال میں غوث پور اور عبدالحکیم بھی ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دو لاکھ 61 ہزار کیوسک کا ریلا جاری ہے، جس سے اوکاڑہ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، وہاڑی اور بہاولنگر کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

حافظ آباد دریائے چناب میں سیلاب دریائی پٹی سے نکل کر مزید تباہی پھیلانے لگا،سیلابی پانی قصبہ ونیکے تارڑ میں داخل ہو گیا،علاقے کا حافظ آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

سیلابی پانی نےچاروں اطراف سے ونیکے تارڑ کوگھیرلیا،علاقہ کی بجلی معطل ہے،علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے،ضلعی حکومت کی جانب سے ریلیف آپریشن جاری ہے۔

دریائے چناب میں پنڈی بھٹیاں کے مقام پرسیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،موٹروے ایم ٹو کے ساتھ 6 فٹ سے زیادہ پانی موجود ہے،پانی کی سطح مزید بلند ہوئی تو اسلام آباد لاہور موٹروے کا رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے.

سیلابی پانی نے علاقے میں تباہی مچادی، 30 سے زائد دیہات سیلابی پانی کی نظر ہوگئے،سیلابی پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،کچہ گھرنہ میں بیس سے زائد افراد دریائے چناب کے سیلابی پانی میں پھنس گئے ۔۔ متاثرین میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں