اسلام آباد:وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
پہلے مرحلے میں وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز نے حلف اٹھایا، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس باقی نجفی اور جسٹس عامرفاروق نے عہدوں کا حلف لیا۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے تینوں ججز سے حلف لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے 6 ججز ہوں گے، جس میں جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقرنجفی، جسٹس کےکے آغا اور بلوچستان سے جسٹس روزی خان آئینی عدالت کے جج ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائیکورٹ سے جسٹس ارشد حسین شاہ آئینی عدالت کےجج ہوں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت کی جج بننے سے معذرت کر لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس مسرت ہلالی نے صحت کے مسائل کے سبب آئینی عدالت کا جج بننے سے معذرت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان اسلام آباد ہائیکورٹ کےروم نمبر ایک میں بیٹھیں گے جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کورٹ روم 2 نمبر میں منتقل ہو جائیں گے۔
وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی تعداد 13کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 27 ویں ترمیم کے تحت وفاقی آئینی عدالت قائم کی گئی ہے اور عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے آج صدر آصف زرداری سے اپنے عہدےکا حلف لیا ہے۔

