ملتان: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور سینیئر وکلاء کے وفد نے سی پی او سے ملاقات اور میرٹ پر تفتیش کی یقین دہانی کے باوجود ہڑتال اور احتجاج سے دستبردار نہیںہونے کااعلان کر دیا ہے.
خیال رہے کہ ملتان بار ایسوسی ایشنز کے سینیئر ممبر سید محمود الحسن گیلانی ایڈووکیٹ 14 جولائی 2025ء کو ائیر پورٹ روڈ پر ایک خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوئے اور 16 جولائی 2025ء کو انتقال کر گئے۔
وکلاء کے مطابق تھانہ کینٹ میںدرج مقدمہ میںتفتیشی افسر نے جانبدارانہ طور پر تفتیش کرتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا.
جس کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان نے 18 اگست کو مکمل ہڑتال کرنے، جبکہ بار ممبران نے 19 اگست کو چوک کچہری پر دھرنا دینے کا اعلان کیا .
اس ضمن میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ملک جاوید ڈوگر، ملک عدنان احمد، اکمل سندیلہ، سید اظہر حسین شاہ ، سابق صدر ہائیکورٹ بار سید ریاض الحسن گیلانی، سابق صدور ڈسٹرکٹ بار ملک محبوب سندیلہ، محمد ناظم خان، وکلاء نشید عارف گوندل، احد گوندل اور ملک محمد علی سمیت دیگر نے سٹی پولیس افسر ملتان صادق علی ڈوگر سے ان کے دفتر میںملاقات کی.
ملاقات میںسابق صدر سید ریاض الحسن گیلانی نے مقدمہ میں جانبداری اور ملزم فریق کی بے حسی بارے تفصیل سے آگاہ کیا. جس پر سی پی او ملتان کی جانب سے ڈی ایس پی بشیر ہراج سمیت دیگر افسران کو بھی موقع پر طلب کیا اور وفد کو میرٹ پر کارروائی کی یقین دہانی کرائی.
بعدازاں سینیئر وکلاء سید ریاض الحسن گیلانی، ملک محبوب سندیلہ، نشید عارف گوندل اور احد گوندل نے "میڈیا” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینئر وکیل محمود الحسن گیلانی حادثہ میں ملتان کے ڈاکٹر کی بیٹی کے ہاتھوںحادثے میںقتل ہو گئے، جس کی تفتیش میں مکمل طور پر جانبداری برتی گئی اور انصاف نہیںکیا گیا ہے، جبکہ ملزم فریق نے ابھی تک مدعی فریق سے تعزیت بھی نہیںکی ہے.
وکلاءنے بتایا کہ تفتیشی افسر لیاقت کے خلاف کارروائی کے مطالبہ پر سی پی او ملتان نے معطلی اور تبادلے کی بھی یقین بھی دہانی کرائی، لیکن اس پر بھی تاحال عملدرآمد نہیںہواہے.
ہائیکورٹ بار کے سابق صدر سید ریاض الحسن گیلانی نے کہا کہ اس لئے چوک کچہری پر نہ صرف 19 اگست کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، بلکہ چوک کچہری کو بند کرنے کے ساتھ ضلع کچہری میں پولیس کا داخلہ بھی مکمل طور پر بند کیا جائے گا، اور اپنے وکیل بھائی کو انصاف دلانے تک نہ صرف احتجاج جاری رہے گا، بلکہ اس کا دائرہ ذمہ دار ڈاکٹر کے کلینک تک وسیع بھی کیا جائے گا.