ملتان:ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج بروز جمعۃ المبارک کو منعقد ہوا، جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر بحث کی گئی۔
اجلاس کا مقصد بار کے رکن سید محمود الحسن گیلانی ایڈووکیٹ کے قتل کی مذمت کرنا تھا، جو 14 جولائی 2025ء کو ایک خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوئے اور 16 جولائی 2025ء کو انتقال کر گئے۔
ڈسٹرکٹبار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر ملک جاوید ڈوگر اور جنرل سیکرٹری ملک عدنان احمد کی پریس ریلیز کے مطابق پولیس کی جانب سے غیر جانبدارانہ تفتیش نہیں کرنے اور ملزمہ خاتون کو گرفتار نہیں کرنے کے خلاف، ڈسٹرکٹ بار نے 18 اگست 2025ء کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے، اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ بار کے مطابق اگر پولیس کا رویہ تبدیل نہیں ہوا تو 18 اگست کو ہی دوبارہ اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور احتجاج کا اعلان کیا جائے گا.
دریںاثناء بار کے نوجوان وکلاءنے بھی احتجاجی دھرنے کا اعلان ہے جو منگل 19 اگست 2025ء کو ملتان کے چوک کچہری میں ہوگا۔
احتجاج کا مقصد سینئر وکیل کے ساتھ حادثے میںمعروف ڈاکٹر (ع) کی بیٹی (ث) کی گرفتاری کا مطالبہ کرنا ہے، نیز احتجاج میں پولیس ملازمین کا کچہری میں داخلہ بند کر دیا جائے گا جب تک ملزمہ گرفتار نہیں ہو جاتی۔
اس اعلان پر وکلاء ملک محمد اکمل سندیلہ، سید اظہر حسین شاہ، ملک جلال آرائیں، ملک جنید طاہر، اور مہر جہانزیب سیال سمیت 100 سے زائد وکلاء کے دستخط موجود ہیں۔