tax 1

تنخواہ دار طبقہ ایف بی آر کے ہدف پر، پہلی سہ ماہی میں‌دوگنا ٹیکس وصول

اسلام آباد: تنخواہ دار طبقے سے ریٹیلرز، ہول سیلرز اور ایکسپورٹرز کے مجموعی ٹیکس سے دوگنا ٹیکس وصول کرلیا گیا۔

ایف بی آر کے مطابق تنخواہ دار طبقے نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 130 ارب روپےٹیکس دیا، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے 20 ارب روپے زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں تنخواہ داروں سے 110 ارب ٹیکس جمع ہوا تھا۔

حکام کے مطابق رواں مالی سال تنخواہ دار طبقے سے 55 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کیا جائے گا، ایف بی آر نے رواں سال تنخواہ دار طبقے سے 600 ارب روپے وصولی کا ہدف مقرر کیا، گزشتہ مالی سال تنخواہ دار طبقے سے 545 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 3 ماہ میں جائیداد کی خرید و فروخت سے 68 ارب روپے کی وصولی ہوئی، گزشتہ مالی سال پہلی سہ ماہی میں جائیداد کی خرید و فروخت سے 41 ارب ٹیکس جمع ہوا تھا۔زیرجائزہ عرصے کے دوران ایکسپورٹرز نے 45 ارب، ہول سیلرز نے 14.6 ارب روپے ٹیکس دیا، اس دوران ریٹیلرز نے 11.5 ارب روپے ٹیکس جمع کرایا۔

گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی تنخواہ دار طبقہ سب سے ذیادہ اور پوراٹیکس دینے والا طبقہ بن گیا ہے اور بنک اکاؤنٹس میں تنخواہ کے ساتھ ہی کٹوتی کی وجہ سے ٹیکس میں‌چوری بھی ممکن نہیں ہے.

اپنا تبصرہ لکھیں